بھارت اور قطر کے مابین گیس فراہمی کا 20سالہ معاہدہ

 بھارت اور قطر کے مابین گیس فراہمی کا 20سالہ معاہدہ

دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت اور قطر کے مابین گیس فراہمی کا 20 سالہ معاہدہ ہو گیا ،قطر بھارت کو سالانہ 75لاکھ ٹن ایل این جی گیس 2048تک فراہم کرے گا۔

 تفصیلات کے مطابق بھارت نے قطر سے قدرتی گیس کی سپلائی کے سلسلے میں 78 ارب ڈالر کا سمجھوتا کر لیا ہے جس کے تحت قطر انرجی بھارت کو 2048 تک گیس کی سپلائی جاری رکھے گی، یہ معاہدہ جاسوسی کے الزام میں قطر میں قید بھارتی نیوی کے آٹھ اہلکاروں کی رہائی سے قبل ہوا ہے ۔مغربی ایشیا کے امور کے ماہر پروفیسر اے کے پاشا کے خیال میں قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں  دونوں ملکوں کے درمیان سودا ہوا ہے ۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اس واقعے نے دونوں ممالک کے تعلقات میں عارضی طور پر کشیدگی پیدا کر دی تھی۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ دونوں اتحادیوں کے تعلقات پر اس واقعے نے خاص اثر نہیں ڈالا۔پروفیسر اے کے پاشا نے کہا کہ قطر مختلف معاملات میں بھارت سے ناراض تھا۔ اس کی ایک بڑی وجہ بھارت، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والا سٹریٹجک معاہدہ ہے ۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ قطر کی خواہش کشمیر کے معاملے میں ثالثی کرنے کی رہی ہے جس کو بھارت نے تسلیم نہیں کیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھاکہ قطر نے سابق اہلکاروں کو سزائے موت کا فیصلہ سنا کر اپنی ناراضگی ظاہر کی تھی۔ لیکن اب جبکہ بھارت نے اس کی طرف اپنی توجہ مبذول کی ہے تو پھر لین دین کے تحت قیدیوں کی سزا معاف کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں