امید ہے پاکستان مزید کا میابیاں حاصل کریگا:چین،ترکیہ ایران کی شہباز شریف کو مبارکباد

امید  ہے  پاکستان  مزید  کا میابیاں  حاصل کریگا:چین،ترکیہ ایران کی  شہباز شریف کو مبارکباد

بیجنگ،تہران(دنیا نیوز،ایجنسیاں)چینی صدر شی جن پنگ، ترکیہ کے صدر رجب طیب ارد وان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک دی ہے ۔

چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق تہنیتی پیغام میں چینی صدر کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان قومی ترقی کے سفر میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔چینی صدر نے زور دیا کہ چین اور پاکستان کو اپنی روایتی دوستی کو برقرار رکھنا چا ہئے اور تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا چا ہئے ۔چینی صدر نے دونوں ممالک کے مابین سٹرٹیجک شراکت کو مزید گہرا کرنے بھی زور دیا۔چین کے وزیر اعظم لی کیانگ نے بھی اپنے تہنیتی پیغام میں وزیر اعظم منتخب ہونے پر شہباز شریف کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ترکیہ کے صدر نے بھی شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی،ترکیہ کے صدر نے شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترکیہ کے صدر نے شہبازشریف کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کیا ،وزیراعظم شہبازشریف نے ترک صدر رجب طیب ارد وان کا شکریہ ادا کیا،دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ کا بھی عزم کیا ۔ ادھر اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے بھی شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کا نیا وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے ۔پاکستان میں ایرانی سفارتخا نے کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک گہرے تاریخی اور ثقافتی روابط کی روشنی میں ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی مطلوبہ اور مناسب سطح کے حصول کے لئے تعاون کو مضبوط اور وسعت دینے کے لئے سخت محنت کریں گے ۔ اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی مستقل پالیسی کے فریم ورک کے تحت برادر اور ہمسایہ ملک اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کو مضبوط اور گہرا کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کی نئی حکومت پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات اٹھائے گی اور اللہ تعالی ٰسے نئی حکومت کی کامیابی اور پاکستانی باوقار قوم کی خوشیوں اور خوشحالی کے لئے دعا گو ہیں۔ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبدالیہان نے بھی شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں