غزہ :جنگ بندی ،حماس، قطر ،امریکا کے وفود مصر پہنچ گئے

غزہ :جنگ بندی ،حماس، قطر ،امریکا کے وفود مصر پہنچ گئے

قاہرہ،غزہ (اے ایف پی)حماس، قطر اور امریکا کے وفود غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کیلئے مصر پہنچ گئے ، دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 90افراد شہید،167زخمی ہو گئے ۔

القاہرہ نیوز کے مطابق مصر نے اتوار کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی  پر بات چیت کیلئے وفود کی میزبانی کی، حماس کے ایک سینئر اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ حماس کا وفد ثالثوں کے ساتھ چھ ہفتے کی جنگ بندی کی تجویز پر بات کرے گا،حماس عہدیدار نے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ سے فوجی انخلا اور انسانی امداد میں اضافے کے مطالبات پورے کرتا ہے تواگلے 24 سے 48گھنٹوں کے اندر معاہدے کی راہ ہموار ہو جائے گی ،مصر کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق تمام فریقین رمضان المبارک سے قبل جنگ بندی کیلئے کوشاں ہیں ،ادھر رفح و دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملے میں درجن سے زائد بچوں سمیت 92افراد شہید 167زخمی ہو گئے ،رفح پناہ گزین کیمپ پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 14افرد جاں بحق ہو گئے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ابتک 30ہزار410افراد شہید ،71ہزار700زخمی ہو چکے ۔وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ غزہ کے شمال میں ابتک 16 بچے غذائی قلت سے جاں بحق ہو گئے ہیں ۔علاوہ ازیں اطالوی بحریہ نے بحیرہ احمر میں ایک حوثی ڈرون کو مار گرایا ۔ادھر فلسطینی صدر محمود عباس غزہ جنگ اور فلسطینی دھڑوں کے درمیان مفاہمت کی کوششوں کے بارے میں بات چیت کیلئے اگلے ہفتے ترکی کا دورہ کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں