رفح:فلسطینی پناہ گزینوں پر اسرائیلی بمباری،75 شہید

رفح:فلسطینی  پناہ گزینوں  پر  اسرائیلی  بمباری،75  شہید

غزہ (اے ایف پی ،رائٹرز)رفح میں فلسطینی پناہ گزینوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 75 افراد شہید ،249 زخمی ہو گئے ، آگ میں جھلسنے کے باعث کئی افراد کی حالت نازک ہے ۔۔۔

 جاں بحق افراد کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے ،شہدا میں 35خواتین ،متعدد بچے اور بوڑھے بھی شامل ہیں ۔دوسری جانب رفح پناہ گزین کیمپ پر وحشیانہ حملے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہوئے واقعے کو افسوسناک قرار دے دیا۔انہوں نے کہا رفح کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، نتائج سامنے لائیں گے ۔ادھرغزہ کی وزارت صحت نے کہا 24 گھنٹوں میں اسرائیل نے 230 سے زائد فلسطینیوں کا قتل عام کیا ،شہادتوں کی تعداد 36ہزار 50 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 81ہزار 26شہری زخمی ہو چکے ۔ مغربی کنارے میں حماس کے صدر یاسین ریبع بھی رفح پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئے ۔جنوبی لبنان میں ایک ہسپتال کے باہر اسرائیلی حملے میں ایک شخص ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے ۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل نے کہا رفح میں فلسطینی شہریوں کیلئے کوئی محفوظ علاقہ نہیں ہے ۔

پاکستان نے رفح میں پناہ گزینوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی عدالت کے حکم کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا اسرائیل کو حماس کے خلاف کارروائیوں کا حق حاصل ہے ، شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن احتیاط کرنی چاہیے ۔ افریقی یونین نے کہا رفح پر اسرائیلی حملہ آئی سی جے کے فیصلے کی توہین ہے ۔ سعودی عرب، مصر ، قطر سمیت عالمی برادری نے رفح پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کی ہے ۔مصر نے کہااسرائیل نے رفح کے بے گھر افراد پرجان بوجھ کر بمباری کی ۔ فلسطینی ایوان صدر نے اسرائیل پر بے گھر افراد کے مرکز کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کا الزام لگایاہے ۔بیان میں کہا گیا اسرائیلی جنگی جرائم عالمی اداروں کیلئے چیلنج ہیں ۔ اقوام متحدہ نے رفح حملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات پر زور دیاہے ۔سعودی وزیر خارجہ نے برسلز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اسرائیل تسلیم کرے کہ وہ فلسطینی ریاست کے وجود کے بغیر قائم نہیں رہ سکتا۔دو ریاستی حل فلسطین اور اسرائیل کے مفاد میں ہے ۔اسرائیل نے سپین کو کہا ہے کہ وہ یکم جون سے فلسطینیوں کیلئے قونصلر خدمات بند کر دے ۔میڈیا واچ ڈاگ نے غزہ میں صحافیوں کی شہادت پر آئی سی سی میں شکایت درج کرا دی ۔آئرلینڈ، ناروے اور سپین آج سے فلسطین کو باضابطہ ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کرینگے ۔برسلز میں سعودی عرب اور ناروے کی میزبانی میں فلسطین کو تسلیم کرنے کی کوششوں پر اجلاس منعقد ہوا جس میں غزہ میں جنگ بندی اور دوریاستی حل کیلئے ضروری اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں الجزائر، آسٹریا، بحرین، ، ڈنمارک ، مصر ، جرمنی، انڈونیشیا، آئر لینڈ، اردن، لٹویا، پرتگال ،قطر، رومانیہ، سپین، فلسطین، سوئیڈن ،سوئٹزر لینڈ، ترکیہ، یو اے ای، برطانیہ و دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں