غزہ میں عالمی فورس کی تعیناتی پر غور کیاجائے :اسحق ڈار

 غزہ میں عالمی فورس کی تعیناتی پر غور کیاجائے :اسحق ڈار

عمان( نیوز ایجنسیاں )نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہمیں غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لئے ایک غیر جانبدار بین الاقوامی فورس کی تعیناتی پر غور کرنا چا ہئے۔۔۔

 پاکستان کی تجویز ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد 2735کے  مطابق غزہ کی تعمیر نو کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے ، پاکستانی عوام دکھ اور آزمائش کی اس گھڑی میں فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، توقع ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد مستقل اور پائیدار جنگ بندی کا باعث بنے گی جس سے غزہ کی پٹی میں امن قائم ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اردن میں غزہ کے لئے فوری انسانی ردعمل کے موضوع پر اعلیٰ سطح کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں اردن کے شاہ عبداللہ دوئم، مصر اور فلسطین کے صدور اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی شرکت کی ، ہمیں قرارداد 2735 کے مطابق غزہ سے اسرائیلی قابض افواج کے فوری انخلا کو یقینی ،غزہ اور مغربی کنارے میں فلسطینی شہریوں کے تحفظ کے لیے ایک غیر جانبدار بین الاقوامی فورس کی تعیناتی پر بھی غور کرنا چا ہئے ۔قبل ازیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گو تریس سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ اسرائیل کی طرف سے کئے جانے والے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف مظالم کا احتساب ، فوری غیر مشروط جنگ بندی، غزہ کے محصور لوگوں کو بلا رکاوٹ انسانی امداد پہنچانے اور بے گھر فلسطینیوں کی واپسی کو یقینی بنائے ۔ دریں اثنا نائب وزیراعظم اور برطانیہ کے وزیر مملکت کے درمیان عمان میں ملاقات ہوئی جس میں فریقین نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو مزید گہرا اور وسعت دینے پر اتفاق کیا ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں