طیارہ گرکر تباہ،نائب صدرملاوی سمیت 10افراد ہلاک

طیارہ گرکر تباہ،نائب صدرملاوی سمیت 10افراد ہلاک

لیلونگوے (اے ایف پی)افریقی ملک ملاوی کے نائب صدر ساؤلوس کلاؤس سمیت 10 افراد طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے ،ملاوی کے صدر لازارس چکویرا نے تصدیق کی کہ ایک روز قبل لاپتہ ہونیوالے طیارے کا ملبہ دریافت کرلیاگیاہے

 جو جنگل میں گرکرتباہ ہوگیاتھا اور 10 افراد ہلاک ہوگئے ۔ملاوی کے صدر نے ٹی وی خطاب کے دوران بتایا کہ ریسکیو ٹیموں  نے طیارے کا ملبہ شمال میں ایک پہاڑی علاقے کے جنگل سے دریافت کیااور اس پر سوار کوئی فرد زندہ نہیں بچ سکا۔ ملاوی ڈیفنس فورس کے کمانڈرپال ویلنٹینو پھیری نے میڈیا کو بتایا کہ نائب صدر ساؤلوس کلاؤس کا طیارہ چکنگوا کے جنگل میں گرکرتباہ ہواہے ، گھنا جنگل اور دھند ریسکیو آپریشن میں رکاوٹ بن رہے ہیں ، جس کے باعث طیارے کی تلاش میں 24گھنٹے لگ گئے ، اس طیارے میں ملاوی کے نائب صدر سمیت 10 افراد سوار تھے جو 10 جون کو لیلونگوے سے موزوزو جا رہا تھا اور اڑان کے کچھ دیر بعد ریڈار سے غائب ہوگیا تھا۔حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ڈورنیئر 228 قسم کا ٹوئن پروپیلر طیارہ تھا جو 1988 میں ملاوی فوج کو دیا گیا تھا اور تاحال فوج ہی کے زیر استعمال ہے ۔طیارے میں نائب صدر دیگر 9 افراد کے ہمراہ سابق حکومتی وزیر کے جنازے میں شرکت کیلئے موزوزو جا رہے تھے ،ایئر ٹریفک کنٹرولرز نے طیارے کو خراب موسم کی وجہ سے موزوزو کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کی کوشش نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واپس جانے کو کہا تھا،ہلاک ہونیوالوں میں سابق خاتون اول شانیل زیمبری بھی شامل ہیں ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں