غزہ :اسرائیلی بربریت جاری ،24گھنٹوں میں 35افراد شہید

غزہ :اسرائیلی بربریت جاری ،24گھنٹوں میں 35افراد شہید

غزہ (اے ایف پی)غزہ پر اسرائیلی بربریت جاری ،24گھنٹوں میں 35افراد شہید ،130زخمی ہو گئے ۔

وزارت صحت کے مطابق 7اکتوبر 2023سے جاری صیہونی حملوں میں ابتک کم ازکم 37ہزار431فلسطینی شہید اور 85ہزار 653زخمی ہو چکے ۔دوسری جانب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد غزہ جنگ کے وسیع ہونے کا خدشہ ہے ، حزب اللہ کے راکٹوں، اسرائیلی جنگی طیاروں اور دیگر ہتھیاروں سے فائرنگ میں گزشتہ چند ہفتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔گزشتہ روز لبنان پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کا کارکن مارا گیا جس کے جواب میں لبنانی تنظیم نے بیسیوں راکٹ اسرائیل پر فائر کئے ۔علاوہ ازیں پینٹا گان نے کہا ہے کہ امریکی فوج نے فضائی حملے میں یمن میں حوثی باغیوں کے دو ٹھکانے تباہ کر دئیے ۔یاد رہے یمنی حوثی غزہ جنگ کے بعد مسلسل اتحادی افواج کے تجارتی جہازوں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے قلقیلیہ شہر میں 15 سالہ نعیم عبداللہ کو گولی مار کر شہید کر دیا ۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی ریاست کی بقا کیلئے جنگ میں امریکی گولہ بارود کی اشد ضرورت ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں