اسرائیلی حملے ،اسکول پربمباری ،27طلبہ سمیت 77جاں بحق

اسرائیلی حملے ،اسکول پربمباری ،27طلبہ سمیت 77جاں بحق

غزہ،بیروت (اے ایف پی ،دنیانیوز)غزہ شہر میں ایک بار پھر بے گھر فلسطینیوں کو فوری انخلا کا حکم دے دیا گیا جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں مزید77فلسطینی شہید ہوگئے جن میں سکول کے 27بچے بھی شامل ہیں ۔

اے ایف پی کے مطابق غزہ میں گزشتہ روز اسرائیلی ٹینک 3 اطراف سے داخل ہوگئے جس کے بعد بے گھر فلسطینیوں کو فوری انخلا کا حکم دیا گیا ہے جبکہ اسرائیل نے اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کے ہیڈکوارٹرز کو حماس کا اسلحہ گودام قرار دے کربھی نشانہ بنایا ہے ۔دوسری طرف اسرائیلی فوج کادعویٰ ہے کہ ایک سکول میں موجود حماس کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایاہے ۔اے ایف پی کے مطابق جنوبی غزہ کے ناصر ہسپتال کے ذرائع کا کہناہے کہ اسرائیلی فوج کی بمباری میں خان یونس میں قائم العودہ سکول میں بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد 27ہوگئی ہے جبکہ بیسیوں زخمی ہیں ،یہ ایک ہفتے میں سکولوں پرچوتھا حملہ تھا۔وزارت صحت کے مطابق غزہ میں شہید ہونیوالے فلسطینیوں کی تعداد 38ہزار 243ہوگئی ہے جبکہ 88ہزار 33افراد زخمی ہوئے ۔اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے لبنان کی سرحد کے قریب دمشق کے دیہی علاقے میں حزب اللہ گروپ کی ایک گاڑی پر ڈرون حملے میں 2افراد جاں بحق ہوگئے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں