اسرائیلی بربریت جاری،غزہ میں سکول ،کیمپ،ہسپتال پر حملے،44 شہید

اسرائیلی  بربریت  جاری،غزہ  میں  سکول ،کیمپ،ہسپتال  پر  حملے،44  شہید

تل ابیب،غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک ،اے ایف پی)اسرائیل کے حملوں میں بچوںسمیت مزید 44 فلسطینی شہید ہوگئے ۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے غزہ میں اقوام متحدہ کے پناہ گزین سکول پر حملہ میں 8 فلسطینی شہید اورخان یونس نصیرات کیمپ پر حملہ میں بچوں سمیت 24 شہید ہوگئے ۔خان یونس میں گھر پر بمباری سے 4 فلسطینی شہید اور 3 زخمی ہو گئے ۔ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں بھی ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید کر دیاجبکہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ 8 روز کے دوران غزہ میں 5 پناہ گزین سکولوں کو نشانہ بنایا۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیلی فوج کا نہ پھٹنے والا میزائل 2 اسرائیلی ٹینکوں کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیا ۔غزہ کی پٹی کے اہم شہر دیرالبلاح میں گندے پانی کے پمپنگ سٹیشنوں نے ایندھن ختم ہونے پرکام کرنا بند کر دیا ۔مقامی اتھارٹی نے خدشہ ظاہر کرتے کہا کہ بیماری تیزی سے پھیل سکتی ہے ۔ ایندھن کیلئے کوئی ذریعہ نظرنہیں آرہا ،اگر پمپنگ سٹیشن آج بھی بند رہے تو سڑکیں گندے پانی سے بھر جائیں گی اور بیماریاں پھیلیں گی۔شہر کی ہنگامی کمیٹی کے اہلکار اسماعیل سرسور نے بتایاکہ دیر البلاح میں انیس گڑھے اور دو بڑے آبی ذخائر ناقابل استعمال ہوچکے ہیں۔دوسری جانب امریکی فوج کا کہنا تھا کہ حوثیوں نے بحیرہ احمر میں 2 آئل ٹینکرز کو نشانہ بنایا ہے ۔علاوہ ازیں غزہ میں ترک فلسطین فرینڈ شپ ہسپتال پر اسرائیلی فوج کے حملے پر ترک وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اسکی ذمے دار اسرائیلی فوج کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے ۔ اسرائیلی فوج کا تباہ شدہ ہسپتال کے سامنے تصویریں بنوانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا ثبوت ہے ، ہسپتال کو فوجی اڈے کے طور پر استعمال کرنا اسرائیل کی منظم پالیسی کا حصہ ہے ۔ادھر لبنان سے اسرائیل پر متعدد راکٹ فائر کئے جانے کی بھی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں