پاکستان سے تعلقات مزید فروغ پائینگے :روسی صدر
اسلام آباد،واشنگٹن (سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں ) پاکستان کے یوم آزادی پر اپنے پیغام میں روسی صدر نے کہا کہ عوام کے مفاد اور عالمی سلامتی کے لئے ہمارے تعمیری تعلقات مزید فروغ پائیں گے ۔
پاکستان اور روس کے درمیان دوستانہ تعلقات استوار ہیں، دوطرفہ تعاون، انسداد دہشتگردی اور افغان تنازع کے حل کی کوششوں کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔روسی صدر نے صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے لئے پیغام میں کہا کہ میں آپ کی اچھی صحت اور کامیابی کے لئے دعاگو ہوں، تمام پاکستانیوں کیلئے امن اور خوشحالی کی نیک تمنائیں پیش کرتا ہوں۔علاوہ ازیں 77ویں یوم آزادی پر امریکا ،چین ،جاپان ،جرمنی ،امارات ،سعودی عرب و دیگر ممالک نے پاکستان کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان،خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اورولی عہد محمد بن سلمان نے بھی یوم آزادی پر پاکستان کو مبارکباد دی۔یوم آزادی پاکستان پراسلام آباد میں تعینات غیرملکی سفیروں اور سفارت خانوں نے پاکستانی قوم کو مبارکباد دی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔امریکی وزیر خارجہ اور ٹیکساس کے کانگریس مین نے یوم آزادی پر دنیا بھر میں پاکستانیوں کو مبارکباد دی ہے ۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے ، جس میں انہوں نے کہا کہ میں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر امریکی عوام کی جانب سے پاکستانیوں کے لئے نیک دلی تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں ۔ ادھر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے صدر زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کو یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے ۔