مقبوضہ کشمیر:3نوجوان شہید،پیراملٹری فورسز کی مزید 5 سو کمپنیاں تعینات

مقبوضہ  کشمیر:3نوجوان  شہید،پیراملٹری فورسز  کی  مزید 5 سو کمپنیاں  تعینات

سری نگر(اے پی پی)مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ میں تین نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

 فوجیوں نے نوجوانوں کو علاقہ ٹنگڈارمیں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔مودی  حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں پیرا ملٹری فورسز کی مزید 5 سو کمپنیاں تعینات کر دی ہیں۔ کمپنیاں نام نہاد اسمبلی انتخابات کیلئے سکیورٹی کے نام پر تعینات کی  گئیں ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق تعیناتی کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا۔بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ مزید کمپنیوں کو پولنگ سٹیشنوں کی حفاظت اور انتخابی ریلیوں کی نگرانی کا کام سونپا جائے گا۔ یاد رہے کہ مقبوضہ علاقے میں ہندوئوں کی سالانہ امرناتھ یاترا کی سکیورٹی کی آڑ میں بھی سینٹرل آرمڈ پولیس فورس کی 5سو اضافی کمپنیاں تعینات کی گئی تھیں۔ یاتراختم ہونے کے باوجود یہ پانچ سو کمپنیاں مقبوضہ علاقے میں ہی بدستور موجود ہیں۔ نام نہاد اسمبلی انتخابات18، 25ستمبر اور یکم اکتوبر کو تین مراحل میں ہونگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں