ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملے کی حمایت نہیں کرینگے :بائیڈن
واشنگٹن، دوحہ (اے ایف پی،رائٹرز)امریکی صدر بائیڈن نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملے کی حمایت نہیں کریں گے ۔
بائیڈن سےصحافیوں نے پوچھا کہ کیا وہ ایرانی جوہری مقامات پر حملوں کی حمایت کریں گے جس کے جواب میں انہوں نے کہاہم اسرائیلیوں کے ساتھ بات چیت کریں گے کہ وہ کیا کرنے جا رہے ہیں، بہت جلد اسرائیلی وزیراعظم سے بات کروں گا۔انہوں نے کہا تمام جی سیون اراکین اس بات پرمتفق ہیں کہ اسرائیل کو جواب دینے کا حق ہے لیکن انہیں تناسب کے مطابق جواب دینا چاہیے ۔کوئی بھی اس معاملے میں غلط فہمی کا شکار نہ ہو ، ان کا ملک اسرائیل کی دفاعی مدد جاری رکھے گا۔بائیڈن نے مزید کہا ایران پر کچھ پابندیاں عائد ہونے والی ہیں،دوسری جانب ایرانی صدر نے اسرائیل کی جانب سے جوابی کارروائی کی صورت میں سخت جواب دینے کا عزم کیا ہے ۔مسعود پیزشکیان نے دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا ایران جنگ کی تلاش میں نہیں ہے لیکن اگر اسرائیل رد عمل ظاہر کرنا چاہتا ہے تو ہمارے پاس سخت ردعمل ہوگا، یہ اسرائیل ہی ہے جو ہمیں رد عمل پر مجبور کرتا ہے ۔پیزشکیان نے کہا کہ صیہونی حکومت کا گھناؤنا ہدف خطے میں عدم تحفظ اور بحران پھیلانا ہے ۔ شیخ تمیم نے کہا کہ اسرائیل لبنان میں حزب اللہ پر حملوں کے ذریعے خطے کو خرابی کے دہانے پر لے جا رہا ہے ۔