لبنان:شدید جھڑپیں،اسرائیل پر راکٹوں کی بارش،غزہ میں 60 شہید
بیروت ،غزہ (اے ایف پی،رائٹرز )لبنان میں اسرائیلی زمینی کارروائی تیز ،شدید جھڑپیں، حزب اللہ نے اسرائیل پر راکٹوں کی بارش کر دی ،کئی صیہونی زخمی ہو گئے ۔
دوسری جانب گزشتہ روز غزہ میں اسرائیلی بربریت میں مزید 60افراد شہید،سینکڑوں زخمی ہو گئے ۔لبنان میں کئی مقامات پر حزب اللہ اور اسرائیلی فوج میں شدید جھڑپیں ہوئیں ، مزاحمت کے باعث اسرائیلی فوج پسپائی پر مجبور ہو گئی ۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ لبنان سے شمالی اسرائیل پر تقریباً 85 میزائل فائر کیے گئے ۔ حملے میں 15سے زائد اسرائیلی زخمی ہو گئے ۔حزب اللہ نے 100 سے زائد راکٹ فائر کرنیکا دعویٰ کیا ہے ۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حیفہ میں ایک عمارت کو شدید نقصان پہنچا ۔ نیتن یاہو نے لبنانی عوام سے خطاب کرتے ہوئے ایک ویڈیو میں کہا کہ آئی ڈی ایف نے حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کو شہید کر دیا ہے ۔نیتن یاہو نے کہا کہ لبنانی عوام کو اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ آیا انہیں اپنا ملک واپس لینا ہے یا حزب اللہ ان کے وسائل پر قابض رہے گی جس کی قیمت ا نہیں ادا کرنا پڑے گی۔اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے کمانڈر سہیل حسین الحسینی کو بھی شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔شام نے کہا کہ دمشق میں ایک رہائشی عمارت پر اسرائیلی فضائی حملے میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے ۔سینئر ایرانی اہلکار نے کہا ہے کہ خلیجی ریاستوں کو اپنی فضائی حدود کو ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینا چاہیے ،اگر خلیجی ممالک اپنی فضائی حدود کو ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دیتے ہیں تو یہ ناقابل قبول ہو گا اور اس طرح کے کسی بھی اقدام کا ردعمل سامنے آئے گا۔ادھرغزہ پر اسرائیلی بمباری سے گزشتہ 24گھنٹے میں 60افراد شہید ہوئے ،وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں اب تک 41ہزار965شہید،97ہزار590زخمی ہو چکے ۔