مقبوضہ کشمیر:ریاستی انتخابات میں بی جے پی کو عبرتناک شکست،نیشنل کانفرنس کامیاب
سری نگر (نیوز ایجنسیاں )مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے جبری ریاستی الیکشن میں مودی سرکار ہر قسم کے ہتھکنڈوں اور سرکاری مشینری استعمال کرنے کے باوجود برے طریقے سے الیکشن ہار گئی، ووٹروں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو مسترد کردیا۔
کانگریس اور نیشنل کانفرنس اتحاد نے 49 نشستوں کے ساتھ اکثریت حاصل کرلی۔ کے ایم ایس کے مطابق کانگریس نیشنل کانفرنس اتحاد کی کشمیر اسمبلی میں حکومت بنانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے ۔ بی جے پی اب تک 90 میں سے 29 نشستیں حاصل کر پائی۔نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو ان کی پارٹی محبوبہ مفتی کی جماعت پی ڈی پی کے ساتھ مل کر خطے میں حکومت بنانے کے لیے تیار ہے ۔عمر عبداللہ مقبوضہ کشمیر کے نئے وزیر اعلی ہونگے ۔ یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد انتخابات کے لیے 18ستمبر سے یکم اکتوبر تک 3 مراحل میں ووٹنگ ہوئی تھی۔مقبوضہ کشمیر میں ایک دہائی بعد ریاستی انتخابات منعقد ہوئے ۔ووٹرز کی اکثریت نے الیکشن کو ڈھونگ قرار دیتے ہوئے بائیکاٹ کیا۔دوسری جانب ہریانہ میں بے جے پی نے لگاتار تیسری دفعہ میدان مارا ہے ۔ ۔دوسری جانب ریاست ہریانا میں بی جے پی کو 48 نشستوں کے ساتھ کامیابی ملی، کانگریس کی 36 نشستوں پر کامیابی ہوئی، کانگریس نے نتائج مسترد کر دئیے اور انتخابی نتائج چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ہریانہ کی تمام 90 نشستوں میں سے بی جے پی 48 نشستیں لے کر سب سے آگے ہے اور اپوزیشن جماعت کانگریس37 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ 5نشستوں پر دیگر جماعتیں اور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔