اسرائیل کے لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج پر حملے:غزہ اور بیروت میں 83 شہید

اسرائیل  کے  لبنان  میں  اقوام  متحدہ  کی  امن  فوج  پر  حملے:غزہ  اور  بیروت  میں  83  شہید

ٖغزہ،بیروت(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر تعینات اقوام متحدہ کی امن فوج یونی فِل کی چوکی کو دوبارہ نشانہ بنایا۔۔۔

 جس کے نتیجے میں 2 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ اسرائیلی فوج کی غزہ میں کلینک پر بمباری اوردیگر علاقوں میں حملوں سے نومولود سمیت 61 فلسطینی اوربیروت پر حملے میں 22افرادشہید ہوگئے ۔ عالمی خبررساں ادارے کے مطابق لبنان میں زمینی کارروائی شروع کرنے کے بعد سے اسرائیلی فوج مسلسل حملے کررہی ہے جس کی زد میں اقوام متحدہ کی امن فوج بھی آرہی ہے ۔ ایک روز قبل حملے میں اسرائیل نے ایک بار پھر لبنان، اسرائیل سرحد پر قائم اقوام متحدہ کی امن فوج  کے واچ ٹاور کو نشانہ بنایا جس سے سری لنکا سے تعلق رکھنے والے امن فوج کے 2 اہلکار زخمی ہوئے جبکہ واچ ٹاور کو نقصان پہنچا۔ گزشتہ روز الناقورہ میں یونی فل کے ہیڈکوارٹر کے قریب دو دھماکے ہوئے جس کی زد میں آکر دو انڈونیشین فوجی زخمی ہوئے ،اسرائیلی فوج کے بلڈوزر نے یونی فل کی ایک چوکی کی حفاظتی دیواروں کو بھی گرایا جس کے بعد اسرائیلی ٹینک چوکی کے قریب آگئے ۔بھارتی میڈیا کاکہناہے کہ اسرائیلی حملوں کے باعث بھارتی فوجی بھی خطرے میں پڑگئے ہیں کیونکہ امن فوج میں تقریباً 600 بھارتی فوجی بھی شامل ہیں۔اسرائیلی حملوں کے بعد امن فوج میں شامل ممالک کی جانب سے شدید ردعمل آرہا ہے اور انڈونیشیا، برطانیہ ،اٹلی، فرانس اور سپین کی جانب سے اسرائیلی عمل کی مذمت کی گئی ۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ اسرائیل سے کہہ دیاہے کہ وہ لبنان میں اقوام متحدہ کے امن فوجیوں پر فائرنگ بند کرے ۔پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایاکہ ملٹن طوفان سے تقریباً5ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے ۔ اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے اسرائیل کے غزہ کی طبی سہولیات اور عملے پر حملوں کو دانستہ حملے قرار دیدیا۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے مئی 2021 میں اسرائیل کے خلاف فلسطین میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی تحقیقات کے لیے تین رکنی کمیشن تشکیل دیا تھا جس نے 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد اپنی دوسری رپورٹ جاری کی ہے ۔ اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے اسرائیل کو انسانیت کے خلاف جرائم کا مرتکب ملک بھی قرار دیا۔عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کلینک میں بے گھر فلسطینی پناہ لئے ہوئے تھے جہاں اسرائیلی فضائیہ نے بمباری کردی ،جس سے ایک نومولود سمیت 4افراد شہید ہوگئے ۔ دیرالبلاح میں ایک گھر میں اسرائیلی بمباری میں دو فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوگئے ۔ مغازی پناہ گزیں کیمپ میں فلسطینیوں کے گروپ پر ڈرون حملے میں 2 فلسطینی شہید ہوئے ۔ جبالیہ میں مسلسل ساتویں روز اسرائیلی فوج کا محاصرہ جاری ہے اور اسرائیلی فوج کی گھروں پر شیلنگ سے متعدد افراد شہید و زخمی ہوگئے ۔فلسطینی وزارت صحت کاکہناہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں کی زد میں آکر 61 فلسطینی شہید اور 231 زخمی ہوئے ۔دوسری طرف لبنان میں موجود حزب اللہ نے دعویٰ کیاہے کہ اس نے جمعہ کو شمالی اسرائیل کے حیفہ میں ایک فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کیا ہے ۔اسرائیل نے بیروت پر بھی فضائی حملے کئے جس سے 22افراد شہید ہوگئے ،اسرائیل نے دعوی ٰ کیا کہ اس نے اسرائیل حزب اللہ کے سکیورٹی چیف کو نشانہ بنایاہے ۔ بیلجیئم کے ایک فوجی طیارے کے ذریعے 110 یورپی باشندوں کو لبنان سے نکال لیا گیا ہے ، جن میں سے زیادہ تر کا تعلق بیلجیئم، ہالینڈ اور فرانس سے تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں