غزہ :50 شہید ،حماس نے اسرائیل پر میزائل برسادئیے
غزہ ،بیروت (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کے غزہ کی پٹی میں حملوں کے دوران 50فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ حماس نے شمالی اسرائیل پر درجنوں میزائل برسادئیے ،ایک بڑا میزائل حیفہ شہرکی عمارت سے جاٹکرایا ۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے گزشتہ روز غزہ کے مختلف علاقوں میں حملے کئے ۔فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق جبالیہ میں پناہ گزین کیمپ الفلوجہ کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 17 افراد شہید ہوگئے ،زخمیوں کی مددکیلئے آنیوالی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی جس سے ایک ڈاکٹر شہید ہوگیا۔غزہ کے مضافاتی علاقے صابرہ میں فضائی حملے کے دوران 3مکان تباہ ہوئے اور 14افراد کی شہادت ہوئی ،وسطی غزہ میں نصیرات کیمپ میں مکان پر حملے میں 8فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا ، مشرقی خان یونس کے علاقے بنی سہیلہ میں میزائل حملے میں 10افرادجان سے ہاتھ دھوبیٹھے ۔اسرائیلی فورسز نے شمال میں جبالیہ کے گرد گھیرا تنگ کر دیا جبکہ محاصرے کو 11روزہوچکے ہیں اورحماس سے شدید جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں ۔ حزب اللہ نے کہا ہے کہ منگل کوشمالی اسرائیل کے شہر حیفہ کی طرف درجنوں میزائل داغے گئے جبکہ ایک بڑا راکٹ سالو حیفہ شہر کی عمارت کوجالگا ،حزب اللہ کاکہناہے کہ اسرائیل پربڑے حملوں کاسلسلہ جاری رکھاجائیگا۔حزب اللہ کے فضائی دفاعی یونٹس نے دواسرائیلی ہرمیس 450 ڈرون مارگرائے جن کاملبہ اسرائیلی حدود میں ہی گرا ۔حماس نے چندروزقبل جبالیہ میں اسرائیلی قافلے پر حملے کی ویڈیو جاری کردی جس میں 12 گاڑیوں کو بارودی سرنگوں سے نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ اور راکٹوں سے حملہ کیا گیا اورکئی اسرائیلی فوجی مارے گئے ۔
اسرائیل کے جنوبی شہر اشدود کے قریب ایک حملہ آوراسرائیلی پولیس اہلکار کو گولی مار کر ہلاک اور پانچ افراد کو زخمی کر دیاگیا ،3کی حالت نازک ہے جبکہ ایک شہری کی جوابی فائرنگ میں بھی حملہ آور ہلاک ہوگیا ۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے میں حماس کے ساتھ دوبدو جھڑپ میں اُن کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا، شناخت سارجنٹ 19 سالہ کورین بیٹن کے نام سے ہوئی ہے ۔امریکا نے اسرائیل کو خبردار کیاہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی میں بہتری لائی جائے ورنہ اسرائیل کی مزید امداد روک دی جائے گی ۔ سیکرٹری آف سٹیٹ انٹونی بلنکن اور سیکرٹری دفاع لائیڈ آسٹن نے اس ضمن میں اسرائیل کو خط لکھاہے جبکہ محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے میڈیا کو بتایاکہ ہمیں نے انسانی امدادبڑھانے کا کہاہے اور امید ہے اس پر تیزی سے عمل کیاجائیگا۔