غزہ: 11ہزار روپے کلو آٹا، 50 ہزار روپے کلو ٹماٹر

غزہ: 11ہزار روپے کلو آٹا، 50 ہزار روپے کلو ٹماٹر

غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلسل اسرائیلی بمباری اور محاصرے کے باعث غزہ میں اشیاخور و نوش کی قیمتوں میں ہوش رُبا اضافہ ہوگیا۔

 15 روز سے اسرائیل نے شمالی غزہ میں ہر قسم کی خوراک اور امداد کے داخلے پر پابندی عائد کی ہوئی ہے ،اقوام متحدہ کے مطابق شمالی غزہ میں تقریباً 4 لاکھ افراد بھوک کا شکار ہیں۔ اسرائیلی حملوں اور زبردستی انخلا کے احکامات کے نتیجے میں خوراک تقسیم کرنے کے پوائنٹس، کھانا تیار کرنے کی جگہیں اور بیکریاں بند ہوچکی ہیں۔ورلڈ فوڈ پروگرام کی مدد سے چلنے والی شمالی غزہ کی واحد بیکری بھی اسرائیلی حملے کے نتیجے میں بند ہوگئی ہے ۔غزہ میں کم و بیش 21 لاکھ افراد یا کل آبادی کا 96 فیصد خوراک کی شدیدقلت کا شکار ہیں جبکہ ہر 5 میں سے ایک فرد بھوک کا شکار ہے ،اشیا خور ونوش قوت خرید سے باہر ہیں ۔ الجزیرہ نے غزہ میں مختلف اشیا کی قیمتیں شائع کی ہیں جن کے مطابق شمالی غزہ میں 25 کلو آٹے کا تھیلا ایک ہزار ڈالر(فی کلو 11ہزار200پاکستانی روپے )جبکہ جنوبی غزہ میں 150 ڈالر میں دستیاب ہے ، جنگ سے قبل یہ قیمت 9 ڈالر تھی۔ شمالی غزہ میں چینی کی فی کلو قیمت 60 ڈالر ،جنوبی غزہ میں 28 ڈالر ہے ۔ شمالی غزہ میں  ٹماٹر کی فی کلو قیمت 180 ڈالر(50ہزار400پاکستانی روپے )اور جنوبی غزہ میں 12 ڈالر ہے ۔شمالی غزہ میں ایک کلو بینگن کی قیمت 15 ڈالر ، جنوبی غزہ میں 5 ڈالر ہے ۔بچوں کا فارمولا مِلک جنگ سے قبل 6.5 ڈالر میں دستیاب تھا جو اب جنوبی غزہ میں 15 ڈالر میں دستیاب ہے جبکہ شمالی غزہ میں یہ اب دستیاب ہی نہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں