دوسرا ٹیسٹ : انگلینڈ 127 رنز خسارے میں ، پاکستان کی گرفت مضبوط

 دوسرا ٹیسٹ : انگلینڈ 127 رنز خسارے میں ، پاکستان کی گرفت مضبوط

ملتان (سپورٹس رپورٹر )ساجد خان کی تباہ کن بائولنگ کے باعث انگلش ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ میں مشکلات کا شکار اورپاکستان کی گرفت مضبوط دکھائی دے رہی ہے۔۔

 دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمان ٹیم 6 وکٹوں پر 239 رنز بناسکی جبکہ پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے اسے مزید 127 رنز درکار ہیں ۔ ملتان سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے رو ز قومی ٹیم نے اپنی ادھوری پہلی اننگز کا آغاز 5 وکٹوں پر 259 رنز پر کیا تو محض 5 رنز کے اضافے پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 41 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ آغا سلمان 31، ساجد خان 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے ۔عامر جمال اور نعمان علی نے 9 ویں وکٹ کی شراکت میں 49 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم عامر 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ، بعدازاں نعمان علی 32 رنز بناکر جیک لیچ کا شکار بنے ۔اس طرح پوری ٹیم 366 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ۔انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4، برائیڈن کارس نے 3، میتھیو پوٹس نے 2  وکٹیں حاصل کیں۔انگلش ٹیم کے اوپنرز نے پاکستانی کیخلاف جارحانہ آغاز کیا تاہم 73 کے مجموعی سکور پر زیک کرولی 27 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ اولی پوپ 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔ جوئے روٹ 34، بین ڈکٹ 114 رنز اور گزشتہ میچ کے ٹرپل سنچری میکر ہیری بروک 9رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔ پاکستان کی طرف سے ساجد خان نے 4 جبکہ نعمان علی نے دو وکٹیں لیں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں