غزہ ،54 شہید،حزب اللہ کا نیتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملہ

غزہ ،54 شہید،حزب اللہ کا نیتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملہ

غزہ ،بیروت،یرو شلم (اے ایف پی،رائٹرز، اے پی )تل ابیب میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی ذاتی رہائشگاہ پر ڈرون حملہ ہوا ہے ۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ڈرون حملے میں نیتن یاہو کی قیساریا کے علاقے میں واقع ذاتی رہائشگاہ کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے وقت اسرائیلی وزیراعظم اور ان کی اہلیہ سارہ گھر میں موجود نہیں تھے ۔ حکام کا کہنا تھا ہفتے کے روز صبح کے وقت ڈرون حملہ کیا گیا۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔2 ڈرونز کو مار گرایا ہے ۔ڈرون حملے کے بعد نیتن یاہو نے کہا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو قتل کرنے کی ناکام کوشش کی گئی ،حزب اللہ کو بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی بمباری میں مزید 54افراد شہید ،100 سے زائد زخمی ہو گئے ،غزہ کے ایک سکول پر حملے میں کم ازکم 33افراد مارے گئے ،دریں اثنا گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ میں انڈونیشی ہسپتال کو گھیرے میں لیکر وحشیانہ گولہ باری کی ۔اسرائیلی ٹینکوں نے ہسپتال کی دوسری اور تیسری منزل کو نشانہ بنایا۔گزشتہ روزاسرائیل نے جنوبی غزہ پر پمفلٹس گرائے جن میں حماس سربراہ یحیی سنوار شہید کی تصاویر بھی گرائی گئیں ۔ پمفلٹ میں پیغام دیا گیا ہے کہ حماس اب غزہ پر حکومت نہیں کرے گی، پمفلٹ میں لکھا ہے کہ جو بھی ہتھیار ڈالے اور یرغمالیوں کو حوالے کرے گا، اسے جانے دیا جائے گا اور امن کے ساتھ جینے کی اجازت دی جائے گی۔ غزہ کے شہری دفاع کی ایجنسی نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 400 سے زیادہ فلسطینی شہید ،ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ۔ وزارت صحت کے مطابق صیہونی حملوں میں اب تک 42ہزار519فلسطینی شہید ،99ہزار637زخمی ہو چکے ۔حزب اللہ نے اسرائیل میں مختلف مقامات پر 200سے زائد میزائل داغے ۔

حملوں میں ایک صیہونی شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ۔علاوہ ازیں گزشتہ روز لبنان پر اسرائیلی بمباری میں درجنوں افراد شہید و زخمی ہو گئے ۔لبنانی وزارت صحت کے مطابق دو اسرائیلی فضائی حملے ہفتے کے روز دارالحکومت بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں پر کئے گئے جو حزب اللہ کا مضبوط گڑھ ہے ، غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے انخلا کا حکم جاری کیے جانے کے ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں علاقے میں دھوئیں کے بادل اٹھتے ہوئے دکھائی دئیے ۔حملوں میں متعدد افراد کی شہادت کا خدشہ ہے ۔یحیی سنوار کی شہادت پر ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے اپنے پیغام میں کہا وہ مزاحمت اور جدوجہد کا چمکتا ہوا چہرہ تھے ، سنوار پختہ عزم کے ساتھ جارح دشمن کے خلاف ڈٹ گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ یحیی سنوار نے 7 اکتوبر کو دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا تھا۔ ہم ہمیشہ مزاحمت کاروں کے ساتھ رہیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں