اسرائیل کا ایران پر جوابی حملے کا منصوبہ، حساس امریکی معلومات لیک،تحقیقات شروع
واشنگٹن(رائٹرز،اے پی پی)اسرائیل کی جانب سے ایران کیخلاف جوابی حملے کے منصوبے سے متعلق انتہائی خفیہ معلومات لیک ہو گئیں جس کے بعد امریکا نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
دستاویزات پر 15 اور 16 اکتوبر کی تاریخ درج ہے ۔ایک امریکی عہدیدار نے سی این این کو بتایا کہ معلومات لیک ہونا بہت ہی تشویشناک ہے ۔یہ دستاویزات ٹاپ سیکرٹ ہیں اور ان پر ایسے نشانات ہیں جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ انہیں صرف امریکا اور اس کے 5 اتحادی یعنی آسٹریلیا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ ہی دیکھ سکتے ہیں۔سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے 16اکتوبر کو ایران پر حملے کی پوری تیاری کر رکھی تھی تاہم یہ حملہ نہیں ہو سکا۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیل کی مسلح افواج نے 16 اکتوبر کو یقینی طور پرایران پر حملے کیلئے اہم ہتھیار جمع کئے اور ڈرون کی خفیہ پروازیں کی تھیں۔دوسری دستاویز کے مطابق 15اور 16 اکتوبر کو اسرائیلی فضائیہ نے بڑے پیمانے پر جنگی مشقیں کیں۔