مشہور بھارتی اداکار مشتاق خان اغوا، 1کروڑ تاوان کا مطالبہ
ممبئی (شوبزڈیسک)بھارتی فلم انڈسٹری اور ٹی وی کے معروف اداکار اور حال ہی میں فلم استری میں نظر آنے والے کامیڈین مشتاق خان کو اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 54 سالہ اداکار کو 12 گھنٹوں تک یرغمال بنا کر رکھا گیا اور اس دوران ان پر شدید تشدد کیا گیا جبکہ ان سے 1 کروڑ روپے تاوان بھی طلب کیا گیا۔پولیس نے واقعے کی ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مشتاق خان کو 15 نومبر کو راہول سینی نامی شخص نے فون کرکے میرٹھ میں ایک تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ 20 نومبر کو دہلی پہنچنے پر مشتاق خان راہول سینی کی طرف سے بھیجی گئی ٹیکسی میں سوار ہوئے، کچھ دیر بعد گاڑی روک کر انہیں دوسری گاڑی میں منتقل کر دیا گیا۔ اس گاڑی میں مزید چار افراد سوار تھے ۔مشتاق خان نے صورتحال بھانپ کر شور مچایا تو ان کے چہرے پر چادر ڈال کر سر جھکانے پر مجبور کیا گیا۔ تین سے چار گھنٹے بعد انہیں ایک مکان میں لے جایا گیا، جہاں اغواکاروں نے ان پر تشدد کیا اور ان کے اکاؤنٹ سے 2 لاکھ روپے نکلوائے اور ان سے رہائی کے عوض مزید 1 کروڑ کا تاوان طلب کیا۔ اغواکاروں نے رقم منتقل کرنے کے بعد شراب نوشی کی اور صبح کے وقت مکان سے چلے گئے، جس کا فائدہ اٹھا کر مشتاق خان فرار ہوگئے۔