کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف دنیا بھر میں آج یوم سیاہ منایا جائیگا

کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف دنیا  بھر میں آج یوم سیاہ منایا جائیگا

سرینگر ،اسلام آباد (اے پی پی،سٹاف رپورٹر) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے جس کا مقصد بھارت اور عالمی برادری کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ۔۔۔

 کشمیری اپنے مادر وطن پر غیر قانونی بھارتی قبضے کو یکسر مسترد کرتے ہیں،آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں کہا کہ کشمیر پر بھارتی قبضے سے نہ صرف کشمیریوں کی شناخت سخت خطرے میں ہے بلکہ پورے خطے کا امن و استحکام داؤ پر لگا ہوا ہے ۔حریت کانفرنس نے کہا 27 اکتوبر 1947کو بھارتی فوج کے حملے اور5 اگست 2019میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کیخلاف آزاد کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر میں آج احتجاجی مارچ، ریلیاں اور سیمینارمنعقد کئے جائیں گے ۔ادھرقابض فوج نے ضلع بارہمولہ اور گاندربل کے کئی علاقوں میں تلاشی اور چھاپے مار کارروائیاں تیز کر دی ہیں ۔ پونچھ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 40سالہ حنیف زخمی ہو گیا۔ حریت کانفرنس کے رہنمامیرواعظ کا کہنا تھا بھارتی حکومت کے ساتھ مسئلہ کشمیر پر بات چیت کیلئے تیار ہیں۔ پر امن مذاکرات ہی مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 77سال قبل بھارت نے سرینگر پر اپنی افواج اتاریں اور کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا،کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز خواہش کو دبایا ۔کشمیروں کی قربانیوں کو دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شہباز شریف کا کہناتھا پاکستان تنازعہ کے حتمی حل تک مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر مملکت آصف زرداری کا اپنے پیغام میں کہنا تھا 27 اکتوبر 1947 جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سیاہ باب ہے ،ہم کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کیلئے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں