غزہ:55شہید،مشرق وسطیٰ میں امریکی بحری جنگی جہاز تعینات

غزہ:55شہید،مشرق وسطیٰ  میں  امریکی  بحری  جنگی جہاز  تعینات

غزہ (اے ایف پی،رائٹرز) 24 گھنٹے میں غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 55افراد شہید ،100سے زائد زخمی ہو گئے ۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی، صحت اور دیگر ایجنسیوں کے سربراہوں نے کہا ہے کہ شمالی غزہ میں صورت حال تباہ کن ہے ، غزہ ایک ماہ سے محاصرے میں ہے ، بنیادی امداد اور جان بچانے والا سامان نا پید ہے ۔ انہوں نے کہا شمالی غزہ میں پوری فلسطینی آبادی کو بیماری، قحط اور تشدد کی وجہ سے مرنے کا خطرہ ہے ۔حماس کے سینئر رہنما عزالدین قصاب بھی اسرائیلی بمباری میں شہید ہو گئے ،حماس کے ساتھ لڑائی میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ،ایک زخمی ہو گیا۔ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ غزہ کے پولیو ویکسی نیشن سنٹر پر حملے میں چار بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے ۔ امریکا نے مشرق وسطیٰ میں بی 52 طیارے اوربحری جنگی جہاز تعینات کردئیے ۔امریکی میڈیا کے مطابق بحری جنگی جہاز کی تعیناتی مشرق وسطیٰ میں ملٹری ری ایڈجسٹمنٹ کاحصہ ہے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 43ہزار314فلسطینی شہید ،1لاکھ 2ہزار 19زخمی ہو چکے ۔ادھر لبنان پر اسرائیلی حملوں میں متعدد افراد شہید و زخمی ہو گئے ۔حزب اللہ نے کہا کہ اس نے تل ابیب کے جنوب میں ایک اڈے پر ڈرون حملے کے بعد شمالی شہر حیفہ میں اسرائیلی فوجی صنعتوں پر راکٹ حملہ کیا۔ اسرائیلی پولیس نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے میزائل حملے میں 19 افراد زخمی ہو گئے ۔اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روزحزب اللہ نے اسرائیل پر 130 راکٹ، 10 ڈرون فائر کیے جبکہ عراق سے تفریحی مقام ایلات پر چار ڈرون حملے کئے گئے ۔اسرائیل نے کہا ہے کہ بحریہ کے کمانڈوز نے لبنان کے ساحلی شہر بطرون میں حزب اللہ کے ایک سینئر کارکن کو پکڑ لیا ہے اور اسے تحقیقات کے لیے اسرائیل لے آئے ہیں۔ تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای نے کہا کہ تہران کے خلاف اقدامات پر امریکا و اسرائیل کو منہ توڑجواب ملے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں