امریکا: صدارتی الیکشن کے نتائج مکمل، ٹرمپ 312، کملا کے 226 الیکٹرول ووٹ

امریکا: صدارتی الیکشن کے نتائج مکمل، ٹرمپ 312، کملا کے 226 الیکٹرول ووٹ

نیویارک(محمد حسن رضا سے)امریکا میں صدارتی الیکشن کے حتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ امریکی نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ساتوں سوئنگ ریاستوں میں فیصلہ کن برتری ملی ،538 الیکٹورل ووٹوں میں سے ٹرمپ کو 312 ملے ، کملاہیرس 226 الیکٹورل ووٹ حاصل کرسکیں۔

ریاست ایریزونا میں کامیابی کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کو اضافی 11 الیکٹورل ووٹ ملے جہاں گنتی 4روز تک جاری رہی ۔ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کو 7 کروڑ 46 لاکھ 32 ہزار 699 پاپولر ووٹ ملے ، جو ڈالے گئے ووٹوں کا50.4 فیصد ہیں ،ڈیموکریٹس کی کملا ہیرس کو47.9 فیصد یعنی 7 کروڑ 8 لاکھ 56 ہزار 199 پاپولر ووٹ ملے ،امریکی صدارتی الیکشن میں ٹرن آؤٹ 91.62فیصد رہا،امریکا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 16 کروڑ 14 لاکھ 20 ہزار تھی، کاسٹ کئے گئے ووٹوں کی تعداد 14 کروڑ 79 لاکھ 2 ہزار 640 رہی ۔ واضح رہے کہ سات سوئنگ ریاستوں میں جہاں سخت مقابلہ دیکھنے کو مل رہا تھا ان تمام ریاستوں میں ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب قرار پائے ، ان میں چھ ریاستیں نیواڈا ،ایری زونا ،مشی گن ،پنسلوینیا،وسکانسن اورجارجیا 2020 کے انتخابات میں جوبائیڈن کو صدر بنانے میں کامیاب ہوئی تھیں جبکہ نارتھ کیرولینا میں 2020 میں بھی ری پبلکن کو کامیابی ملی تھی ۔ ڈونلڈٹرمپ نے 2016کے انتخابات میں 304الیکٹورل ووٹ لے کر صدارت کا منصب سنبھالا تھا اور 2020میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اوراب پھر وہ بھاری اکثریت کیساتھ وائٹ ہاؤس کے مکین بن گئے ہیں ۔دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی کو اپنی نئی حکومت میں شامل کرنے کے امکان کو مسترد کر دیا ۔انہوں نے سوشل میڈیا پرایک پوسٹ میں لکھا کہ میں سابق سفیر نکی ہیلی یا سابق وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو ٹرمپ انتظامیہ کی تشکیل میں شامل ہونے کی دعوت نہیں دوں گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں