مقبوضہ کشمیر:مزید 5شہریوں کی قیمتی جائیدادیں ضبط

مقبوضہ کشمیر:مزید 5شہریوں کی قیمتی جائیدادیں ضبط

سرینگر (این این آئی،اے پی پی)بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں مزید 5شہریوں کی قیمتی جائیدادیں ضبط کر لیں۔

بھارتی پولیس نے ضلع کے علاقے بجہاڑہ میں 5رہائشی مکانات،3گاڑیاں ضبط کر لیں جنکی مجموعی مالیت 4کروڑ  30لاکھ روپے سے زائد ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جائیدادوں پر قبضے کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔ادھر بھارتی فوجیوں نے محاصرے ،تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ۔ سرینگر، بارہمولہ، کپواڑہ، بانڈی پورہ، اسلام آباد، کولگام، شوپیاں، پلوامہ، رامبن، اودھم پور، راجوری، پونچھ، کٹھوعہ اور سانبہ اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں ۔فوجیوں نے شہریوں کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل فون، دستاویزات اور سامان چھین لیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ بھارت کی کارپوریٹ کمپنیاں وادی میں ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح کام کر رہی ہیں،بھارتی تعمیراتی کمپنی غیر سائنسی طریقے سے بلاسٹنگ، ڈرلنگ اور فضلہ تلفی کا کام کررہی ہے جس سے خطے کے نباتات، حیوانات اور ماحولیات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ مکینوں میں سانس کی بیماری اور صحت کے دیگر مسائل میں اضافہ ہوا ہے ،بھارتی کمپنیوں کے ذریعے یہ بڑے منصوبے غیر مقامی افراد کو فائدہ پہنچاتے ہیں جبکہ کشمیری مزید مشکلات کا شکار ہو رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں