غزہ : اسرائیلی بمباری ،خواتین ،بچوں سمیت مزید 28شہید
غزہ (اے ایف پی)شمالی غزہ پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 28افراد شہید ہو گئے ۔
غزہ کے شہری دفاع ترجمان محمود بسال نے کہا اسرائیل نے الکہلوت خاندان سے تعلق رکھنے والی ایک کثیر المنزلہ عمارت کو نشانہ بنایا،سولہ لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے ،شہدا میں پانچ خواتین اور پانچ بچے شامل ہیں۔کئی افراد ملبے تلے دب گئے ،شہادتیں بڑھنے کا خدشہ ہے ۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں اب تک کم ازکم 44ہزار 786فلسطینی شہید،1لاکھ6ہزار 188زخمی ہو چکے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تل ایبب کے راکٹ اور بم پروف بنکر ہال میں اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف کرپشن کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔نیتن یاہو کو 3 کیسز میں فراڈ اور ایک میں رشوت ستانی کے الزامات کا سامنا ہے ، نیتن یاہو کی گواہی 3 دن تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ نیتن یاہو نے مقدمہ ملتوی کرانے کی کوشش کی لیکن عدالت نے تمام درخواستیں مسترد کر دیں۔