ٹرمپ اور شی چن پنگ کا ٹیلیفونک رابطہ ،بہتر تعلقات کا عزم

واشنگٹن (اے ایف پی)نومنتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اور چینی صدر ایک مضبوط تعلقات استوار کریں گے ۔
ڈونلڈٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ یہ کال چین اور امریکا دونوں کیلئے بہت اچھی تھی،یہ میری توقع ہے کہ ہم مل کر بہت سے مسائل کو حل کر لیں گے ۔ ہم نے ٹیلیفون کال پرتوازن تجارت، ٹک ٹاک اور بہت سے دوسرے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔صدر شی اور میں دنیا کو مزید پرامن اور محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔چین کے سرکاری میڈیا نے چینی صدر شی جن پنگ کی ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ فون پر بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فون کال 17 جنوری کی شام کو ہوئی۔اس سے قبل جمعہ کو چین نے اعلان کیا کہ نائب صدر ہان ژینگ اگلے ہفتے ٹرمپ کی حلف برداری میں شرکت کے لئے جائیں گے ۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ چین، امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو دیکھنے اور بڑھانے میں باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور جیت کے تعاون کے اصولوں پر عمل پیرا ہے ۔چین کے صدر شی جن پنگ نے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ تعلقات کی اچھی شروعات کی امید رکھتے ہیں، ہم دونوں باہمی تعلق کو بہت اہمیت دیتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ امریکی صدر کے نئے دور میں چین امریکا تعلقات کا اچھا آغاز ہوگا۔