ٹرمپ اور زیلنسکی کا ٹیلیفونک رابطہ، جنگ بندی پر تبادلہ خیال

کیف،ماسکو (اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے یوکرینی ہم منصب زیلنسکی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے ،بات چیت کے دوران یوکرین میں جنگ بندی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ٹرمپ نے تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی فون کال کو بہت اچھا قرار دیا ۔انہوں نے کہا ہم بالکل درست سمت میں آگے بڑھ رہے ۔ ان موضوعات پر بات ہوئی جو دو روز قبل روسی صدر پیوٹن کے ساتھ گفتگو میں زیربحث آئے تھے ۔یوکرینی صدرز یلنسکی کا کہنا تھا امریکا کو 30روزہ جنگ بندی کی کڑی نگرانی کرنی چاہیے ۔یاد رہے منگل کوصدر ٹرمپ اور روسی صدر پوٹن کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں یوکرین میں محدود جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا تھا جس کے تحت یوکرین اور روس کی جانب سے ایک دوسرے کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے سے گریز کیا جائے گا۔ادھر روس اور یوکرین نے امارات کی ثالثی میں 372جنگی قیدیوں کا تبادلہ کیاہے ، ماسکو نے 22 شدید زخمی فوجیوں سمیت 175 یوکرینی جنگی قیدی واپس کئے جبکہ کیف نے 175 روسی فوجیوں کو واپس کیا۔صدر ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کیلئے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف نے میڈیا کو بتایا کہ یوکرین جنگ بندی مذاکرات کا نیا دور جلد سعودی عرب میں ہو گا،امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور قومی سلامتی کے مشیر مائیک والٹز مذاکرات میں امریکی وفد کی سربراہی کریں گے ۔کیف کا کہنا ہے کہ روس نے منگل کو رات گئے یوکرین پر چھ میزائل، 145 ڈرون فائر کئے ۔