تیونس :صدر نے وزیر اعظم کو برطرف کر دیا، سارہ زعفرانی نئی پی ایم مقرر
تیونس(اے ایف پی) تیونس کے صدر قیس سعید نے وزیر اعظم کامل مدوری کو عہدے سے برطرف کر دیا۔
یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک شدید معاشی بحران اور بڑھتے ہوئے مہاجرین کے مسئلے سے نبرد آزما ہے ۔سارہ زعفرانی کو نیا وزیر اعظم مقرر کر دیا گیا ہے ،وہ گزشتہ دو سالوں میں تیونس کی تیسری وزیر اعظم ہیں۔صدر قیس سعید نے نیشنل سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں خطاب کے دوران حکومت کے مختلف وزراکو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ادارے مجرمانہ گروہوں کے زیر اثر ہیں، وقت آ گیا ہے کہ بدعنوانی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔یاد رہے تیونس شدید اقتصادی مشکلات کا سامنا کر رہا ہے ،جی ڈی پی کی شرح 1.4 فیصد تک محدود ہو چکی ،عوام کو چینی، چاول اور کافی جیسی بنیادی اشیا خور و نوش کی قلت کا سامنا ہے ۔