غزہ ،اسرائیلی بربریت جاری مزید 27فلسطینی شہید

غزہ ،اسرائیلی بربریت جاری  مزید 27فلسطینی شہید

غزہ (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک )اسرائیلی فوج کے غزہ پر سفاکانہ حملے جاری ہیں، بمباری میں مزید 27 فلسطینیشہید ہوگئے ۔

عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی بمباری سے خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں میں آگ لگ گئی جس سے 17 افراد جھلس کر شہید ہوگئے ۔مغربی غزہ سٹی میں گھر پر فضائی حملے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد شہید ہو گئے ، نصیرات پناہ گزین کیمپ میں جنگی طیاروں کے حملے میں 2بچیوں سمیت 3افرادشہید ہوئے ۔ اسرائیلی فضائی حملوں میں اس مشینری اور بلڈوزروں کو بھی نشانہ بنایا گیا جو غزہ میں ملبے تلے دبے افراد کی لاشیں نکالنے کیلئے استعمال کئے جا رہے تھے ۔اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ میں پولیو مہم بھی ملتوی کر دی گئی ہے ۔دوسری طرف فلسطینی صدر محمود عباس نے حماس پر یرغمالیوں کو رہا کرنے پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے اسے غزہ پر اسرائیلی حملوں کو ہوا دینے کا بنیادی عنصر قرار دیا۔ محمود عباس کا رملہ میں ایک اجلاس میں کہنا تھا کہ حماس نے اسرائیل کو غزہ میں جرائم کا ارتکاب کرنے کے بہانے فراہم کئے ہیں،ان میں سب سے نمایاں یرغمالیوں کو رکھنا ہے ، ہمارے لوگ اس کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے حماس پر زور دیا کہ وہ غزہ کی ذمہ داریاں اور ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کر دے اور خود کو ایک سیاسی جماعت میں تبدیل کرے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں