بھارت:کشمیری طلبا و تاجروں پر حملے ،وادی سے1500گرفتار

 بھارت:کشمیری طلبا و تاجروں پر حملے ،وادی سے1500گرفتار

نئی دہلی ،سرینگر(اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )پہلگام حملے کے بعد بھارت بوکھلا گیا ،کشمیری طلبا و تاجروں پر حملے کئے جا رہے۔۔

، مقبوضہ وادی سے 1500 کشمیری نوجوان گرفتار کر لئے گئے ۔ہندو توا تنظیمیں پہلگام حملے کے بعد کشمیری طلبا اور تاجروں کو دھمکیاں دے رہی ہیں کہ وہ بھارت سے چلے جائیں ورنہ خطرناک نتائج کیلئے تیار رہیں۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک ہند و توا کارکن کا کہنا تھا کہ کل سے جو بھی کشمیری نظر آیا اسے ہم زندہ نہیں چھوڑیں گے ۔ علاوہ ازیں نئی دہلی ،اتراکھنڈ، اتر پردیش ، ہماچل پردیش ،پنجاب ، ہریانہ ، گجرات ، مہاراشٹر سمیت مختلف ریاستوں میں کشمیری طلبا اور تاجروں کو بڑے پیمانے پر ہراساں کیا جا رہا ۔ انتہا پسندوں نے ہماچل پردیش یونیورسٹی کے دروازے توڑ دئیے ،طلبا سے کہا کہ ہاسٹل کو فوری خالی کر دیں ،یہاں سے چلے جائیں ،کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے بتایا کہ بھارت کے کئی کالجز اور یونیورسٹیز میں طلبا پر تشدد کیا جا رہا اور قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں ،بھارت چھوڑنے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ۔ بھارتی فورسز نے پہلگام حملے کی آڑ میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤ ن شروع کردیا ۔فورسز نے سرینگر، اسلام آباد، کولگام، پلوامہ، شوپیاں، گاندربل اور بڈگام اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے ، تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران 15سو سے زائد بے گناہ کشمیری نوجوان گرفتار کر لئے ۔ضلع ادھمپور میں فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا۔ امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو کہا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کا سفر نہ کریں کیونکہ وہاں پرتشدد واقعات کا خطرہ ہے ۔ضلع کٹھوعہ میں بی جے پی رہنماؤ ں نے سکیورٹی سے متعلق ایک سوال پر غصے میں آ کر سینئر رپورٹر راکیش شرما کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے متنازع وقف قانون اور مقبوضہ کشمیر میں غیرمقامی افراد کو ڈومیسائل دینے کے خلاف آج ہڑتال کی کال دی ہے ۔حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کے خلاف سرینگر میں احتجاجی مارچ بھی کیا جائے گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں