روس کا یوکرین کیساتھ تین روزہ جنگ بندی کا اعلان

ماسکو(اے ایف پی)روسی صدر پیوٹن نے یوکرین کیساتھ تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے ۔کریملن نے کہا ہے کہ جنگ بندی آٹھ مئی کی صبح سے 11 مئی تک جاری رہے گی۔۔۔
یہ ایام دوسری جنگ عظیم کے خاتمے کے موقع پر فتح کی تقریبات کے موقع پر منائے جاتے ہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پوتن نے جنگ بندی کا اعلان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا ہے ۔پیوٹن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ روس سمجھتا ہے کہ یوکرین کو اس مثال کی پیروی کرنی چاہیے ۔خلاف ورزی کی صورت میں روسی فیڈریشن کی مسلح افواج مناسب اور موثر جواب دیں گی۔ ادھر امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ یوکرین میں عارضی نہیں، مستقل جنگ بندی ضروری ہے ۔وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے صحافیوں کو بتایا کہ ٹرمپ دونوں ممالک کے رہنماؤں سے مایوسی کا شکار ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ زیلنسکی کریمیا کو روس کو دینے کے لیے تیار ہیں۔یوکرین کے وزیر خارجہ اینڈری سائبیگا نے ایکس پر کہا کہ یوکرین روس کے ساتھ کم از کم 30 دن کے لیے فوری طور پر جنگ بندی چاہتا ہے ، اگر روس واقعی امن چاہتا ہے تو اسے فوری طور پر فائر بندی کرنی چاہیے ۔ 8 مئی تک انتظار کیوں کیا جائے ۔ادھر شمالی کوریا نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ اس کے فوجیوں نے روس کے علاقے کرسک میں یوکرینی فوج کے زیر کنٹرول علاقے کو دوبارہ حاصل کرنے میں ماسکو کی مدد کی۔