بھارت پاکستان کیخلاف فوجی کارروائی کا جواز تیار کررہا :امریکی اخبار

نیویارک (دنیا نیوز ،آئی این پی)امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے بھارتی وزارتِ خارجہ میں بریفنگ کے بعد چار سفارتکاروں نے بھارتی عزائم سے پردہ اٹھا دیا اور بتایا بھارت کے پاس شواہد نہیں۔
پہلگام فالس فلیگ امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے بے نقاب کر دیا، امریکی اخبار نے بھارت کے جنگی جنون پراہم رپورٹ جاری کی۔جس میں بتایا کہ اندرونی خلفشارسے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت پاکستان کوجنگ کی دھمکیاں دے رہاہے اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے فوراً بعد بھارت نے پاکستان پر الزام لگادیا۔نیو یارک ٹائمز کا کہنا تھا کہ مودی نے پاکستان کیخلاف اقدامات میں تعاون کیلئے درجنوں ملکی سربراہان سے رابطہ کیا جبکہ بھارت کشیدگی کم کرنے کی بجائے پاکستان کیخلاف فوجی کارروائی کا جواز تیار کررہا ہے ۔پہلگام واقعہ کے بعد بھارت سوغیر ملکی مشنز کے سفارتکاروں کو بریفنگ میں بھی کوئی ایسا ثبوت نہیں دے سکا جو موجودہ حملے کو پاکستان سے جوڑ سکے ، اسی لئے کہہ دیا کہ معلومات اکٹھی کرنے کیلئے مزید وقت درکار ہے ۔ ان بریفنگز سے آگاہ 4 سفارتکاروں نے بتایا کہ نئی دہلی بظاہر اپنے ہمسایہ اور روایتی دشمن کے خلاف فوجی کارروائی کے لئے کیس بنا رہا ہے ۔ نیویارک ٹائمز نے یہ بھی واضح کیا کہ پانچ دن گزرنے کے باوجود بھارت نے اب تک کسی تنظیم کو باضابطہ طور پر حملے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا اور نہ ہی پاکستان پر الزامات کے حق میں کوئی ثبوت پیش کیا ۔دیگر ریاستوں نے بھارت سے ٹھوس شواہد پیش کرنیکامطالبہ کیا ۔امریکی اخبار کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کیلئے عسکری کارروائی کرنا ناگزیر ہو چکا ہے کیونکہ2016اور 2019میں پاکستان کے جوابی حملوں کے بعد مودی کیلئے قدم اٹھانا ممکن نہیں۔