بھارتی میڈیا سیزفائر پرسیخ پا،مودی پرسوالات کی بوچھاڑ

بھارتی میڈیا سیزفائر پرسیخ پا،مودی پرسوالات کی بوچھاڑ

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کے اعلان پر بھارتی میڈیا سیخ پا ہوگیا۔۔

اورمودی پر سوالات کی بوچھاڑ کردی ۔ پاکستان کی طرف سے ہفتہ کو علی الصبح آپریشن بنیان مرصوص کا آغاز کرنے پر حکومت سمیت بھارت کا میڈیا بھی بوکھلا گیا۔بھارتی میڈیا 2 دن پہلے سوشل میڈیا پر اپنی حکومت اور افواج کے گن گارہا تھا اب پاکستان کی انتقامی کارروائی سے تھر تھر کانپنے لگا اور حکومتی پالیسیوں پر سوال بھی اٹھا ئے ۔بھارتی میڈیا پر ایک پروگرام کے دوران خاتون اینکر نے سوال اٹھایاکہ عوام کی گھبراہٹ واضح دکھائی دے رہی ہے کیونکہ زیادہ تر ائیر بیسز تباہ ہوتے دکھائی دے رہے ہیں، سوال یہ ہے کہ جب آپ اپنے ائیر بیسز کو نہیں بچا سکے تو عوام کی حفاظت کیسے کرینگے ؟ ۔ رافیل طیاروں کی تباہی کے بعد رافیل ڈیل میں مودی حکومت کی کرپشن اور فراڈ سے متعلق الزامات پر باتیں بھی دوبارہ شروع ہوگئی ہیں۔ اپوزیشن پارٹی کانگریس نے کہا ہم رافیل طیاروں پر بہت زیادہ انحصار کررہے تھے جبکہ راہول گاندھی نے پہلے ہی بات کی تھی کہ رافیل ڈیل میں کرپشن کی گئی اور اربوں ڈالر کا فراڈ کیا گیا ۔ رافیل ڈیل کے وقت بی جے پی حکومت کے وزیر دفاع منوہر پاریکر بھی اسکا حصہ نہیں بنے تھے اور انہیں استعفیٰ دینا پڑا تھا۔صحافی ارنب گوسوامی نے کہا امریکی صدر نے تجاوز کیا ،جب بھارت نے امریکی ثالثی پر رضامندی ظاہر ہی نہیں کی تو ٹرمپ نے کیسے جنگ بندی کا دعویٰ کردیا۔ امریکی صدر کو زمینی صورتحال کا نہیں پتا، کچھ دن قبل تک تو وہ کہہ رہے تھے کہ ان کا اس تنازع سے کوئی تعلق نہیں۔ امریکی ٹی وی چینل سی این این نے بھی بھارت کو کھری کھری سنادیں۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی ہٹ دھرمی جاری ہے ، پانچ طیاروں کا نقصان تو اس نے کہاں ماننا تھا، وہ تو یہ ہی ماننے کو تیار نہیں کہ اس کا کوئی بھی طیارہ تباہ ہوا ہے ۔برطانوی صحافی اینبرسن اتھرجان نے کہابھارت کو ماننا پڑے گا کہ پاکستان کی فضائی طاقت بھارت سے زیادہ ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں