برطانیہ :200سال پرانا درخت کاٹنے والے دو افراد مجرم قرار
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ کی ایک عدالت نے جان بوجھ کر ایک قدیم درخت کاٹنے والے دو افراد کو مجرم قرار دے دیا ۔ نیو کیسل کرا¶ن کورٹ کی جیوری نے دو دوستوں 39 سالہ ڈینیئل گراہم اور 32 سالہ ایڈم کیرودرز کو 2023 میں سائیکامور گیپ پر موجود درخت کاٹنے پر مجرمانہ اقدام کا مرتکب قرار دیا ہے ۔
دونوں مجرموں کو مجرمانہ نقصان کے الزامات میں حراست میں رکھا گیا ہے تاہم انہیں 15 جولائی کو سزا سنائی جائے گی۔درخت تقریباً 200 برس پرانا تھا اور برطانیہ کے شمالی حصے میں واقع ہیڈرینن وال کے قریب تھا، جس کو یونیسکو کی جانب سے تاریخی ورثہ قرار دیا گیا تھا۔یہ بہت مشہور درخت تھا اور 1991 میں ہالی ووڈ میں بننے والی ایک فلم ’ران ہڈ پرنس آف تھیویز‘ میں بھی اس کو دکھایا گیا تھا۔فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے نیشنل ٹرسٹ کے ترجمان نے کہا کہ بے مقصد درخت کاٹنے کے اس عمل نے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک بھی لوگوں کو حیران کر دیا تھا، جس سے قدرتی ورثے کے ساتھ لوگوں کا لگا¶ ظاہر ہوتا ہے ۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے پر شمال مشرقی انگلینڈ میں خصوصی طور پر گہرا دکھ محسوس کیا گیا، یہ درخت اس خطے کی علامت تھا اور بے شمار شہریوں کی اس سے ذاتی یادیں وابستہ تھیں۔