امریکا ، چین کا 90 روز کیلئے ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر اتفاق

امریکا ، چین کا 90 روز کیلئے ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر اتفاق

جنیوا(اے ایف پی)امریکا اور چین نے 90 روز کیلئے ٹیرف میں 115 فیصد کمی پر اتفاق کرلیا، یہ اعلان سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں دنیا کی 2 بڑی معیشتوں کے حکام کی جانب سے طویل تجارتی مذاکرات کے اختتام پر سامنے آیا ہے ۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق 14 مئی سے امریکا چینی مصنوعات پر محصولات کو عارضی طور پر 145 فیصد سے کم کرکے 30 فیصد کرے گا، جبکہ چین محصولات کو 125 فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کرے گا۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ فریقین نے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لیفنگ اور امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر کی قیادت میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے بارے میں بات چیت جاری رکھنے کے لیے ایک میکانزم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔علاوہ ازیں امریکا اور چین کے درمیان کامیاب تجارتی مذاکرات کے بعد دنیا بھر کی سٹاک مارکیٹوں میں تیزی آئی جبکہ ڈالر اور یوآن کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ۔امریکی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امریکا اورچین نے باہمی تجارتی ٹیرف میں کمی پر رضامند ہو گئے ہیں ، دونوں ممالک نے نیا ٹیرف 90 دن کے لیے موخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔دوسری جانب چینی وزارت تجارت نے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے ، ٹیرف میں کمی دونوں ممالک اور دنیا کے مشترکہ مفاد میں ہے ، امیدہے امریکا تجارت کے معاملے پرچین کے ساتھ کام کرتا رہے گا۔خبر ایجنسی کے مطابق مذاکرات میں طے پایا ہے کہ امریکا درآمد ہونے والی چینی مصنوعات پر30 فیصد ٹیرف عائد ہوگا اور چین درآمد ہونے والی امریکی مصنوعات پر 10 فیصد ٹیرف ہوگا۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں