بھارت نے جنگ بندی کے بعد 32 ہوائی اڈے دوبارہ کھول دئیے

نئی دہلی (اے ایف پی،اے پی پی)بھارت نے پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کے بعد 32 ہوائی اڈے سویلین فلائٹ آپریشنز کیلئے دوبارہ کھول دئیے ۔
ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ ہوائی اڈے 15 مئی تک کیلئے بند کئے تھے ، اب فوری طور پر آپریشن کیلئے دستیاب ہیں۔بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کا آج 20 واں روز ہے ، اب تک 2 ہزار بھارتی پروازیں پاکستانی فضائی حدود بند ہونے سے متاثر ہو چکی ۔ذرائع کا بتانا ہے کہ بھارتی ایئر لائنز کو 400 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے ، لمبے فضائی روٹس کے باعث بھارتی ایئر لائنز کو فیول اور دیگراخراجات میں اضافے کا سامنا ہے ۔دوسری جانب بھارتی ٹیموں نے کشمیر کے سرحدی علاقوں میں نہ پھٹنے والے بموں کو ناکارہ بنا دیا۔بھارتی پولیس نے تحریری بیانات جاری کرتے ہوئے لوگوں کو متنبہ کیا تھا کہ کسی بھی حالت میں دھماکا خیز شیل یا ڈیوائس سے مشابہت رکھنے والی کسی بھی مشکوک چیز کو چھونے ، اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا منتقل کرنے کی کوشش نہ کریں۔ بم ڈسپوزل سکواڈز نے پاکستان کے ساتھ ڈی فیکٹو بارڈر کے قریب اڑی میں آگ لگائی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ مکینوں کی واپسی سے پہلے گھر مکمل طور پر محفوظ ہیں ۔ سینئر پولیس افسر گروندرپال سنگھ نے یہ بتانے سے انکار کر دیا کہ کتنی ٹیمیں بھیجی گئی ہیں یا کہاں بھیجی گئی ہیں؟۔