غزہ :امدادی مرکز کے باہر ہجوم پر مرچوں کاسپرے ، شیلنگ، 20شہید
غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ کے علاقے خان یونس میں امریکی امدادی مرکز کے باہر کھڑے بھوکے فلسطینیوں کے ہجوم پر مرچوں کا سپرے اور شیلنگ کی گئی۔۔
جس سے امداد کے حصول کے لیے آنے والے 20 فلسطینی شہید ہو گئے ۔غزہ میں امریکی حمایت یافتہ امدادی تنظیم غزہ ہیومینیٹیرین فائونڈیشن (جی ایچ ایف )کے مطابق، خان یونس میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 19 افراد بھگدڑ میں کچلے گئے ، جبکہ ایک شخص کو چاقو مار کر قتل کیا گیا۔ تنظیم نے الزام عائد کیا ہے کہ ہجوم میں موجود حماس سے وابستہ مسلح افراد نے صورتحال کو کشیدہ کیا اور بدامنی کو ہوا دی۔دوسری جانب حماس کے زیرِ انتظام محکمہ صحت نے بتایا کہ زیادہ تر افراد دم گھٹنے سے جاں بحق ہوئے ، کیونکہ امداد کے لیے آئے ہوئے لوگوں کی بڑی تعداد کو ایک تنگ جگہ پر کھڑے رہنے پر مجبور کیا گیا تھا۔دریں اثنا اسرائیل نے فلسطینیوں کی سمندر تک رسائی پر مکمل پابندی عائد کر دی ، فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ اگر سمندر تک رسائی نہ ملی تو ہم بھوک سے مر جائیں گے ، سمندر ہمارا واحد سہارا تھا، جو اب ہم سے چھینا جا رہا ہے ۔غزہ پر اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں، جن میں مزید 20 فلسطینی شہید ہو گئے ، جبکہ گزشتہ روز اسرائیلی بمباری میں 61 فلسطینی جاں بحق ہوئے۔