افغانستان میں ایک اور زلزلہ ہلاکتیں 2200 سے بڑھ گئیں
کابل(دنیا مانیٹرنگ، نیوز ایجنسیاں ) مشرقی افغانستان میں رواں ہفتے تباہ کن زلزلے کے بعد خطرناک آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے ،ہلاکتیں22سو سے بڑھ گئیں۔ افغانستان کے جنوب مشرقی علاقوں میں جمعہ کو ایک اور شدید زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔۔۔
جو گزشتہ چار دنوں کے دوران اس خطے میں آنے والا تیسرا زلزلہ ہے ، جھٹکے پاکستان کے متعدد علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے ۔جرمن ریسرچ سینٹر فار جیوسائنسز کے مطابق تازہ زلزلے کی شدت 5.4تھی اور اسکا مرکز پاکستان کی سرحد کے قریب شیوہ ضلع میں واقع تھا، زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔جرمن ریسرچ سینٹر نے بتایاکہ 12 گھنٹے کے دوران دو طاقتور جھٹکوں نے مشرقی افغانستان کو ہلا کر رکھ دیا، جس سے مزید اموات اور تباہی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق جمعے کو افغانستان میں زلزلے کے 3 جھٹکے محسوس کیے گئے ، زلزلے کا پہلا آفٹر شاک جلال آباد کے شمال مشرق میں 35 کلومیٹر کے فاصلے پر آیا جس کی شدت 4.9 اور گہرائی 10 کلومیٹر تھی، زلزلے کا دوسرا جھٹکا اسد آباد کے جنوبی مغرب میں 39 کلومیٹر کے فاصلہ پر آیا جس کی شدت 5.4 اور گہرائی 9.1 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ تیسرا آفٹر شاک اسد آباد کے جنوب مغرب میں 48 کلومیٹر کے فاصلے پر آیا جس کی شدت 4.8 اور گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔طالبان انتظامیہ کے مطابق گزشتہ 4 دنوں میں آنے والے ان 3 زلزلوں میں اب تک 2205 افراد جاں بحق اور کم از کم 3640 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ادھر چین نے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے 70 لاکھ ڈالر ،آسٹریلیا نے 10 لاکھ ڈالرکی ہنگامی امداد کا اعلان کیا ہے جبکہ بنگلہ دیش نے بھی زلزلہ متاثرین کیلئے ہنگامی امداد بھیجنے کا اعلان کیا۔