روسی تیل کی خریداری نہ روکنے پر ٹرمپ کی بھارت کو پھر وارننگ
بھارت نے تیل کی خریداری نہ روکی تو بھاری ٹیرف جاری رہیں گے :ٹرمپ دعوت موصول، آئندہ سال کے آغاز میں چین کا دورہ کروں گا:امریکی صدر
واشنگٹن،لندن(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) امریکی صدر ٹرمپ نے روس سے تیل کی خریداری نہ روکنے پر ایک بار پھر بھارت کو وارننگ دی ہے ۔امریکی صدر نے کہا کہ بھارت نے روسی تیل کی خریداری نہ روکی تو اس پر بھاری ٹیرف جاری رہیں گے ۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ مودی نے کہا تھا وہ روسی تیل نہیں خریدیں گے ، بھارت کو روسی تیل پر فیصلہ کرنا ہوگا، ورنہ اس پر معاشی دباؤ بڑھے گا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ چین کے ٹیرف کم کر سکتے ہیں مگر اسے ہمارے لیے کچھ کرنا ہوگا، چاہتے ہیں کہ چین امریکا کے ساتھ نایاب معدنیات کا کھیل نہ کھیلے ۔علاوہ ازیں امریکی صدر ٹرمپ کے چین کے ساتھ تجارتی تنازع پر نرم رویے سے عالمی سٹاک مارکیٹس میں مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا ہے ۔ ٹوکیو میں سٹاک مارکیٹ تین فیصد سے زائد بڑھ گئی ۔ یورپ میں فرینکفرٹ اور لندن کے بازار بھی اوپر گئے ، عالمی منڈیوں میں سرمایہ کاری کے لئے مثبت ماحول پیدا ہو گیا ہے ۔امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ آئندہ سال کے اوائل میں چین کا دورہ کریں گے ۔ وائٹ ہاؤس میں آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ انہیں چین کی جانب سے باضابطہ دعوت موصول ہوئی ہے ۔ ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ رواں ماہ کے آخر میں جنوبی کوریا میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران تجارتی معاہدہ طے پا سکتا ہے ۔