روسی ڈرون و میزائل حملے ، یوکرین میں توانائی نظام مفلوج

روسی ڈرون و میزائل حملے ، یوکرین میں توانائی نظام مفلوج

ہزاروں گھروں میں بجلی و پانی کی فراہمی معطل ،ریلوے انفراسٹرکچر کو نقصان چیچنیا پر یوکرین کے ڈرون حملے ، رمضان قادریوف کا سخت جواب دینے کا اعلان

کیف(اے ایف پی)یوکرین نے کہا ہے کہ روسی ڈرون اور میزائل حملوں نے ملک کے اہم توانائی اور ریلوے انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا، جس کے باعث اوڈیسا میں ہزاروں گھروں میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات ہونے والے حملوں میں روس نے 653 ڈرون اور 51 میزائل داغے ۔فاستیو شہر میں مرکزی ریلوے اسٹیشن جل کر راکھ ہو گیا۔ دوسری جانب روس کی نیم خود مختار مسلم اکثریتی آبادی والی ریاست چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی پر یوکرین کے ڈرون حملے پر چیچنیا کے سربراہ رمضان قادریوف نے کہا عام عمارتوں پر حملے کا کوئی جواز نہیں۔رمضان قادریوف نے یوکرین کو دھمکی دی کہ کل سے ایک ہفتے تک یوکرینی فاشسٹ اس حملے کا سخت جواب محسوس کریں گے ، مگر ان کی طرح ہم پرامن اہداف پر بزدلانہ حملہ نہیں کریں گے ۔یوکرین کی جانب سے اس سے قبل بھی چیچنیا پر ڈرون حملے کیے جاچکے ۔خیال رہے کہ رمضان قادریوف یوکرین پر حملے کے پرجوش حامی رہے ہیں اور انہوں نے یوکرین کے محاز پر چیچن فورسز بھی بھیج رکھی ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں