غزہ :اسرائیل کی بمباری ،حماس رہنما سمیت 12فلسطینی شہید

غزہ :اسرائیل کی بمباری ،حماس رہنما سمیت 12فلسطینی شہید

شہید ہونیوالوں میں محمد الحولی ،اشرف الخطیب اور ایک 16سالہ نوجوان بھی شامل غزہ بورڈ آف پیس کا اعلان،حماس کو اپنے وعدے پورے کرناہونگے :ڈونلڈٹرمپ

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک )غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں حماس کے رہنما سمیت 12 فلسطینی شہید اور 18 زخمی ہوگئے ۔حماس نے کہا ہے کہ اس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر کمانڈر وسطی غزہ کے علاقے دیر البلح میں عسکری ونگ کے کمانڈر محمد الحولیاسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔ اسرائیلی فوج نے تاحال اس واقعے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ ذرائع کے مطابق اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈز کے 

 کمانڈر اشرف الخطیب بھی شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ایک 16 سالہ لڑکا بھی شامل ہے ۔دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ یہ میرے لئے باعثِ فخر ہے کہ غزہ کیلئے ’’بورڈ آف پیس‘‘تشکیل دے دیا گیا ہے ، اس بورڈ کے ارکان کا اعلان جلد کیا جائے گا تاہم یہ بات پوری یقین دہانی کے ساتھ کہی جا سکتی ہے کہ یہ تاریخ کے کسی بھی دور اور کسی بھی مقام پر تشکیل دیا جانے والا سب سے عظیم اور باوقار بورڈ ہے ۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مصر، ترکی اور قطر کی حمایت سے حماس کے ساتھ ایک جامع غیر عسکری معاہدہ طے کیا جائے گا ، جس میں تمام ہتھیاروں کی حوالگی اور ہر سرنگ کا خاتمہ شامل ہے ،حماس کو فوری طور پر اپنے وعدوں پر عمل کرنا ہوگا، جس میں اسرائیل کو آخری لاش کی واپسی اور مکمل غیر عسکری ہونا شامل ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں