کھیل کو سیاست زدہ کرنا شرمناک،ششی تھرور کی مودی پر تنقید
پاکستان کا میچ سے بائیکاٹ ویک اپ کال ،مستفیض کو آئی پی ایل سے محروم کرنا بدقسمتی معاملہ بے قابو ہو رہا ،سنجیدگی سے اتفاقِ رائے پیدا کرنیکی ضرورت،بھارتی سیاستدان
ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے سینئر سیاستدان اور کانگریس سے تعلق رکھنے والے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کرکٹ کو سیاست زدہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا پاکستان کا بھارت میچ سے بائیکاٹ ویک اپ کال ہونی چاہیے ۔پاکستان کی جانب سے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ سے بائیکاٹ کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے ششی تھرور کا کہنا تھا بنگلہ دیشی کرکٹر مستفیض الرحمن کو کولکتہ میں کھیلنے کے معاہدے سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے تھا، مستفیض الرحمن کو معاہدے سے محروم کرنا نہایت بدقسمتی کی بات تھی، سیاسی مداخلت نے صورتحال کو مزید خراب کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا میرا خیال ہے کہ بنگلہ دیش کا ردِعمل حد سے زیادہ تھا جبکہ پاکستان نے بنگلہ دیش کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ایسا کیا ہے ۔کانگریس رہنما نے کہا کہ کھیل کو سیاست کی نظر سے دیکھنا افسوسناک ہے ، یہ بہت شرمناک ہے کہ کھیل کو سیاست زدہ کیا گیا ہے ، یہ معاملہ قابو سے باہر ہو رہا ہے ، ہمیں سنجیدگی سے اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی ضرورت ہے ، کھیل خصوصاً کرکٹ عوام کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ کھیل کا میدان قریب لانے کا ذریعہ ہونا چاہیے نہ کہ تنازعات کو ہوا دینے کا، یہ صورتحال تمام متعلقہ فریقوں کے لیے ویک اپ کال ہے ، تمام فریق ہنگامی بنیادوں پر ایک دوسرے سے رابطہ کریں اور معاملے کا حل نکالیں۔