فیلڈ مارشل سے لیبیا کی فوجی قیادت، دہشتگردی کیخلاف اسلامی اتحاد کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

فیلڈ مارشل سے لیبیا کی فوجی قیادت، دہشتگردی کیخلاف اسلامی اتحاد کے سیکرٹری جنرل کی ملاقات

فیلڈ مارشل خلیفہ ابوالقاسم حفتر ، ڈپٹی کمانڈر ان چیف صدام خلیفہ حفتر سے پاک لیبیا تعاون پر بات چیت انٹیلی جنس شیئرنگ سے دہشتگردی سے نمٹیں گے :سی ڈی ایف عاصم منیر کی میجر جنرل المغیدی سے گفتگو

راولپنڈی (دنیا نیوز)فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لیبیا کی فوجی قیات اور دہشتگردی کیخلاف اسلامی اتحاد کے سیکرٹری جنرل نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق لیبیا کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر اور ڈپٹی کمانڈر ان چیف لیفٹیننٹ جنرل صدام خلیفہ حفترنے جنرل ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز سید عاصم منیر سے ملاقات کی، اس دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں خاص طور پر اپنے اپنے علاقوں میں سکیورٹی کے حالات اور پیشہ ورانہ تعاون پر زور دیا گیا۔اس موقع پر پاک فوج اور لیبیا کی افواج کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کی جانب سے لیبیا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کو دہرایا، انہوں نے لیبیا میں امن، استحکام اور ادارہ جاتی ترقی کی حمایت پر بھی زور دیا۔ملاقات دوستانہ اور تعمیری ماحول میں ہوئی جو پاکستان اور لیبیا کے طویل المدتی دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے ، قبل ازیں نور خان ایئر بیس پر پہنچنے پر فیلڈ مارشل خلیفہ ابو القاسم حفتر کا استقبال فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کیا۔اس موقع پر مہمانوں نے شہدا کو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور جی ایچ کیو میں واقع شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔دریں اثنا اسلامی فوجی انسداد دہشت گردی اتحاد کے سیکرٹری جنرل میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے بھی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو راولپنڈی میں ملاقات کی۔

اس دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر علاقائی سلامتی کی حرکیات اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دونوں فریقوں نے باہمی تعاون پر مبنی حکمت عملیوں، انٹیلی جنس شیئرنگ اور رکن ممالک کے درمیان صلاحیتوں کی تعمیر کے ذریعے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اسلامی دنیا میں استحکام کو فروغ دینے اور انسداد دہشت گردی کے مربوط اقدامات کو فروغ دینے میں اسلامی فوجی انسداد دہشت گردی اتحاد(آئی ایم سی ٹی سی)کے کردار کو سراہا۔میجر جنرل محمد بن سعید المغیدی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی نمایاں خدمات اور قربانیوں کا اعتراف کیا اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ملاقات میں خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے فریقین کے عزم پر زور دیا گیا۔آئی ایم سی ٹی سی کی ٹیم 6 فروری تک پاکستان کے دورہ پر ہے تاکہ نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں انتہا پسند عناصر کے دوبارہ انضمام اور بحالی کے موضوع پر ایک ہفتہ کی تربیت کا انعقاد کیا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں