براہِ راست نشریات میں خامنہ ای کیخلاف نعرہ،ایرانی ٹی وی ڈائریکٹر برطرف
تہران(اے ایف پی )ایران میں سرکاری ٹی وی کے ایک صوبائی چینل کے ڈائریکٹر کو اُس وقت برطرف کر دیا گیا۔۔
جب براہِ راست نشریات کے دوران ایک رپورٹر نے مبینہ طور پر ملک کے سپریم لیڈر کے خلاف نعرہ لگا دیا۔ یہ واقعہ بدھ کو اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ کی تقریب کی لائیو کوریج کے دوران صوبہ سیستان و بلوچستان میں پیش آیا۔ رپورٹر مصعب رسولی زاد ریلی میں شرکت کرنے والوں کی تعداد اور مجمعے میں لگنے والے نعروں کا ذکر کر رہے تھے ، جب انہوں نے "مرگ بر خامنہ ای" (خامنہ ای مردہ باد ) کا جملہ ادا کیا ۔اس واقعے کے بعد ہامون صوبائی چینل کے براڈکاسٹ ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا جبکہ ٹرانسمیشن آپریٹر اور نشریات کے نگران کو معطل کر دیا گیا۔ دیگر ذمہ دار عملے کو بھی انضباطی کمیٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ بعد ازاں جاری ہونے والی ایک ویڈیو میں رپورٹر مصعب رسولی زاد نے اسے "زبان کی لغزش اور بڑی غلطی" قرار دیتے ہوئے معذرت کرلی ۔