روس کی دوبارہ ایران سے افزودہ یورینیم منتقل کرنے کی پیشکش
ماسکو(آئی این پی )روس نے ایک بار پھر پیشکش کی ہے کہ وہ ایران سے افزودہ یورینیم کی منتقلی میں مدد کیلئے تیار ہے۔
روسی ریاستی جوہری توانائی ادارے روساٹم کے سربراہ الیکسی لیکا چیف نے کہا کہ روس اس بات پر غور کر رہا ہے کہ وہ ایران سے افزودہ یورینیم کی منتقلی میں کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہ بیان روساٹم کی صنعتی اشاعت اسٹرانا روساٹم کے ٹیلی گرام چینل پر شائع ہوا ہے۔الیکسی لیکاچیف نے کہا کہ اس معاملے میں تکنیکی مسائل کے ساتھ ساتھ امریکا اور ایران کے درمیان اعتماد کا فقدان بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے روس کو ایرانی فریق کے ساتھ تعاون کا مثبت تجربہ حاصل ہے ۔ 2015 میں ایران کی درخواست پر روس نے پہلے ہی افزودہ یورینیم کی منتقلی میں مدد کی تھی، اور اب بھی ہم اس کے لئے تیار ہیں۔