ٹرمپ کے ہر اعلان سے پہلے مارکیٹ میں غیرمعمولی کاروبار
مارکیٹ کے اعداد و شمار سے لگتا ہے کسی کو ٹرمپ کے اعلان کی پیشگی خبر ضرورتھی یہ انسائیڈر ٹریڈنگ کی نشانیاں،تاجر ٹرمپ کا انداز سمجھنے کے ماہر ،ماہرین کی متضاد آرا امریکی حکام کارروائی نہیں کرتے جب تک پتہ نہ چلے معلومات کہاں سے آئیں
لندن (مانیٹرنگ سیل )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری مدتِ صدارت کے دوران، جب وہ کوئی بڑا اعلان کرنے والے ہوتے ہیں تو اس سے تھوڑی دیر پہلے ہی مارکیٹ میں کروڑوں ڈالر کا غیر معمولی کاروبار ہونے لگتا ہے ۔بی بی سی نے مارکیٹ کے اعداد و شمار دیکھے اور ٹرمپ کے اہم بیانات کے ساتھ موازنہ کیا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ ٹرمپ کے ٹویٹ، سوشل میڈیا پوسٹ یا انٹرویو سے چند گھنٹے یا کبھی کبھی صرف چند منٹ پہلے ہی حصص اور آپشنز کی خرید و فروخت میں اچانک بہت زیادہ اضافہ ہو جاتا ہے ۔کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ انسائیڈر ٹریڈنگ (اندرونی معلومات کی بنیاد پر تجارت)کی نشانیاں ہیں۔ یعنی کچھ لوگوں کو ٹرمپ کے اعلان کی پہلے سے خبر ہوتی ہے اور وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔البتہ کچھ دوسرے تجزیہ کار کہتے ہیں کہ یہ اتنا سیدھا نہیں ہے ۔ کچھ تاجر ٹرمپ کے انداز اور فیصلوں کا اچھی طرح اندازہ لگانے میں ماہر ہو چکے ہیں۔قانونی طور پر اندرونی معلومات کی بنیاد پر تجارت امریکا میں غیر قانونی ہے ۔ مالیاتی قوانین کے ماہر پروفیسر پال اوڈین کا کہنا ہے :"حکام اس وقت تک کارروائی نہیں کرتے جب تک یہ پتہ نہ چل جائے کہ اصل معلومات کہاں سے آئیں۔"امریکی حکام نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے ۔ مارکیٹ کے اعداد و شمار سے لگتا ہے کہ کسی کو ٹرمپ کے اعلان کی پیشگی خبر ضرور تھی، مگر ابھی تک اس پر کوئی قانونی کارروائی ہونے کے واضح امکانات نہیں ہیں۔