چینی صدر کا عالمی برادری سے تنازعات کے حل میں تعمیری کردار ادا کرنے کا مطالبہ
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی صدر نے عالمی برادری سے تنازعات کے حل میں تعمیری کردار ادا کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے فوری اور جامع جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے تمام تنازعات کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور د یا ہے۔
چینی صدر شی جنگ پنگ نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے اور فریقین کو طاقت کے استعمال سے گریز کرتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
چینی صدر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دیرپا امن کے لئے بات چیت، باہمی احترام اور سفارتی کوششیں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں جبکہ عالمی برادری کو بھی تنازعات کے حل میں تعمیری کردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی توانائی اور تجارت کے لیے اہم گزرگاہ آبنائے ہرمز میں معمول کی بحری آمد و رفت کو ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہئے، چینی صدر نے کہاکہ اس اہم سمندری راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی معیشت کو بھی متاثر کر سکتی ہے، کیونکہ دنیا کی بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی ہے۔
چینی صدر نے زور دیا کہ متعلقہ فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی سے گریز کرنا چاہئے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق جہاز رانی کی آزادی کو یقینی بنانا چاہئے۔