ایران امریکا مذاکرات میں کردار کیلئے تیار ہیں:روس

ایران امریکا مذاکرات میں کردار کیلئے تیار ہیں:روس

مشرق وسطٰی کی صورتحال بہت نازک ،عملی طور پر غیر متوقع:پیسکوف امید ہے کہ مذاکراتی عمل جاری رہے گا ،فوجی کارروائیوں کو روکنا ممکن ہو گا

ماسکو(مانیٹرنگ نیوز)روس کا کہنا ہے کہ وہ ایران اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات میں ثالث نہیں ہے لیکن ضرورت پڑنے پر کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ روسی حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا مشرق وسطٰی کی صورتحال بہت نازک اور عملی طور پر غیر متوقع ہے ۔ پیسکوف نے کہا روس کو امید ہے کہ مشرق وسطٰی کی صورتحال کے حوالے سے مذاکراتی عمل جاری رہے گا اور دوبارہ طاقت کا استعمال شروع نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہمیں امید ہے کہ مذاکراتی عمل جاری رہے گا جس سے فوجی کارروائیوں کو روکنا ممکن ہو گا کیونکہ اس سے علاقائی سلامتی اور عالمی معیشت پر بہت زیادہ منفی اثرات مرتب ہوں گے ۔روسی حکومت کے ترجمان نے مزید کہا ماسکو نے اب تک مشرق وسطٰی کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا نہیں کیا ۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو ماسکو فریقین کو کسی معاہدے تک پہنچنے میں مدد کرنے کیلئے کردار ادا کر سکتا ہے ۔ روس متعدد مواقع پر پہلے بھی کہہ چکا ہے کہ ضرورت پڑنے پر ہم پرامن حل کی تلاش اور متعلقہ معاہدے تک پہنچنے کیلئے کوئی بھی مدد فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں