نائیجر:صحرامیں ٹرک خراب ،49افراد پیاس سے جاں بحق

نائیجر:صحرامیں ٹرک خراب ،49افراد پیاس سے جاں بحق

مرنے والے عید الاضحیٰ منا کر مالی سے نائیجر جا رہے تھے ،اجتماعی قبروں میں دفن 2افراد زندہ بچے ،3دن سے خراب ایک اور ٹرک کے 60مسافروں کو بچالیا گیا

نیا می (اے ایف پی)نائیجر کے شمالی صحرائے صحارا کے ایک دور دراز علاقے میں کم از کم 49 افراد پیاس سے جاں بحق ہو گئے جب انہیں لے جانے والا ٹرک خراب ہو گیا اور وہ شدید گرمی میں پانی کے بغیر پھنس گئے ۔حکام کے مطابق یہ افراد عید الاضحیٰ کی تقریبات میں شرکت کے بعد مالی سے واپس نائیجر جا رہے تھے کہ راستے میں ان کا ٹرک آساماکا کے مغرب میں تقریباً 80 کلومیٹر دور خراب ہو گیا۔علاقائی گورنر کے مطابق صرف دو افراد زندہ بچ سکے جو پیدل چل کر سرحدی قصبے اساماکا پہنچے اور حکام کو اطلاع دی۔ حکام کے مطابق ٹرک مالی کے شہر تلہندیک سے روانہ ہوا تھا لیکن راستے میں غلط سمت اختیار کر گیا،کئی دن تک مسافروں نے گاڑی کو ٹھیک کرنے کی کوشش کی تاہم ناکامی کے بعد وہ پانی سے محروم ہو کر دم توڑ گئے ۔ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر درجنوں لاشیں ٹرک کے نیچے اور اردگرد سے برآمد کیں، جنہیں بعد ازاں اجتماعی قبروں میں دفن کر دیا گیا۔حکام کے مطابق اسی آپریشن کے دوران ایک اور خراب ٹرک بھی ملا جس میں 60 سے زائد افراد سوار تھے ، جو تین دن سے راستے میں پھنسے ہوئے تھے ۔ امدادی ٹیموں نے انہیں پانی فراہم کیا اور گاڑی کی مرمت میں مدد دے کر سفر دوبارہ شروع کروایا۔نائیجر کا صحرا غیر قانونی ہجرت اور بہتر زندگی کی تلاش میں سفر کرنے والے افراد کیلئے ایک خطرناک گزرگاہ سمجھا جاتا ہے ، جہاں اکثر ایسے افسوسناک واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں